طلبہ سوشل میڈیا کو امیج بہتر کرنے کیلئے استعمال کریں: احمد فواد
لاہور( سٹاف رپورٹر)ممتازکارپوریٹ ٹریننگ سپیشلسٹ احمد فواد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہنا بری بات نہیںمگر طلبہ وطالبات کو سمجھنا ہوگا کہ سوشل میڈیا کتھارسس کی جگہ نہیں، بہت سے لوگ اپنی ملازمت غیرذمہ دارانہ کمنٹس کے باعث کھو بیٹھتے ہیں، ملازمتی انٹرویو سے پہلے کئی پروفیشنلزفیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے امیدوار کی شخصی رجحانات جانچتے ہیںکہ وہ انکے کام کاہے بھی یانہیں، اس لئے سوشل میڈیاکو اپنا امیج بہتر بنانے کیلئے استعمال کریں اوروہاں ذہانت سے سیلف مارکیٹنگ کریں ۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار گزشتہ روزگورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ڈنکلف سوسائٹی اور احمد فواد ٹریننگز کے اشتراک سے ’’ بڑا خواب دیکھیں ‘‘ اور ’’ انٹرویوو سی وی کی تیاری‘‘ کے موضوعات پر بخاری آڈیٹوریم میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بڑا خواب ضرور دیکھیں مگر خوابوں کے حصول کی جدوجہد میں دیوانہ وار بھاگتے ہوئے اپنے قریبی عزیزوں کوفراموش نہ کردیں یہ لوگ دوبارہ نہیں ملتے۔ اس موقع پرڈین آف سائنسزاسلام خان، ڈنکلف سوسائٹی کی سربراہ سدرہ فرید، ، ممتاز شاعر احمد حماداور خاتون کرکٹر مرینہ اقبال نے بھی خطاب کیا۔