امن کیلئے افغانستان سے بات جاری‘ فاٹا اصلاحات پر قبائل کی خواہشات کے مطابق عمل ہو گا : آرمی چیف
خیبر ایجنسی ،راولپنڈ ی (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن وامان کے حوالے سے افغانستان سے بات چیت جاری ہے ،فاٹا اصلاحات پر قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے لنڈی کوتل کا دورہ کیا اور قبائلی جرگے سے ملاقات میں آرمی چیف نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام دکھ اور تکالیف کا ازالہ کیا جائے گا۔ قبائلی علاقوں میں امن وامان بحال رکھنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قبائلیوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کریں گے۔ اس سلسلے میں آئندہ 10 برس میں قبائلی علاقوں میں ایک ہزار ارب روپے خرچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے طورخم کے قریب پاک افغان سرحد کا دورہ کیا جہاں انہیں بارڈر پر آہنی باڑ کی تنصیب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اس دوران انہیں آپریشن ردالفسادپرپیشرفت سے آگاہ کیاگیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کوعارضی بے گھرافراداورترقیاتی کاموں پربھی بریفنگ دی گئی،آرمی چیف نے کہا کہ قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسزکی قربانیاں اورکاوشیں قابل تحسین ہیں امن کےلئے دی گئی قربانیاں رنگ لائیں گی اور دیرپاامن واستحکام کےلئے اقدمات جاری رکھیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیبر ایجنسی میں فوجیوں اور قبائلی عمالدین سے بات چیت کی۔ امن کیلئے قربانیوں کو سراہا۔
آرمی چیف