ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا سر براہ مقرر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے ائیر مارشل مجاہد انور خان کو پاک فضائیہ کا نیا سر براہ مقرر کر دیا ہے۔ فضائیہ کے موجودہ سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان اپنی مدت ملازمت پوری کر کے 18 مارچ کو منصب سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ مجاہد انور خان ان کی جگہ پیر کو پاک فضائیہ کے نئے سربراہ کا چارج سنبھالیں گے۔ فضائیہ کے پریس ریلیز کے مطابق 23 دسمبر 1962ءکوجنم لینے والے ائیر مارشل مجاہد انور خان نے پاکستان ائر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں دسمبر 1983ءمیں کمشن حاصل کیا اور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی شمشیر، بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔ اپنے شاندار کیرئر کے دوران انہوں نے ایک فائٹر سکواڈرن ، ایک ٹیکنیکل اٹیک ونگ،F-16کی دو ائیر بیسسز اور ریجنل ائیر کمانڈ کی کمانڈ کی۔ وہ ایک کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ کمبیٹ کمانڈر سکو، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج اردن ، ائیر وار کالج فیصل ا ور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔وہ چیف آف دی ائر سٹاف کے پرسنل سٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف دی ائر سٹاف (آپریشنز) ، ڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنز ) اور ڈائریکٹر جنرل سی فور آئی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ آجکل ائیر ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں بطورڈپٹی چیف آف دی ائیر سٹاف (سپورٹ) اور ڈائریکٹر جنرل ائر فورس سٹریٹجک کمانڈ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کے دوران مختلف تربیتی اور لڑاکا طیارے اڑائے ہیں جن میں MFI-17, T-37, FT-5, F-6, F-16شامل ہیں۔ ا±نھیں پاک فضائیہ میں شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ ء امتیاز (ملٹری)سے نوازا گیا۔
فضائیہ/ نئے سربراہ