پارلیمنٹ عزت اپنے ہاتھ میں ہی رکھے تو بہتر ہوگا: یوسف رضا گیلانی
جہانیاں(آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما وسابق وزیر اعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ آئین کے مطابق لیڈر آف دی ہاﺅس اور لیڈر آف دی اپوزیشن نے کرنا ہے، پارلیمنٹ اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہی رکھے تو بہتر ہوگا، انتخابات میں کسی پارٹی سے ا تحادکی باتیں قبل از وقت ہیں تاہم اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ تین صوبوں کے فیصلے سے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب فیڈریشن کی مضبوطی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق نگران وزیراعظم کا انتخاب اپوزیشن لیڈر اور لیڈر آف دی ہاﺅس مل کر کرتے ہیں اگر وہاں فیصلہ نہ ہو سکا تو پارلیمنٹ کمیٹی یا پھر جوڈیشری فیصلہ کرے گی۔ بہتر یہی ہو گا کہ پارلیمنٹ اپنی عزت اپنے ہاتھ ہی رکھے اور نگران وزیر اعظم کا پارلیمنٹ میں ہی مل کر فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے کسی جماعت سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کی باتیں قبل از وقت ہیں ہمارا پی ٹی آئی سے اتحاد نہیں صرف سینٹ الیکشن میں تعاون تھا لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ اب تین صوبوںنے فیڈریشن کی مضبوطی کیلئے مل کر چیئرمین سینیٹ منتخب کیاہے اس لیے اپوزیشن لیڈر بھی متفقہ ہونا چاہئے۔
یوسف گیلانی