نوازشریف سکیورٹی رسک‘ اداروں کے خلاف مہم جوئی دشمنوں کا ایجنڈا ہے: طاہر القادری
لاہور( خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف دائر کرپشن ریفرنسز پر سزائیں یقینی ہیں ان کے پاس جیل جانے،ملک سے بھاگ جانے یا آئین کے آرٹیکل 45کے پیچھے چھپنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں، نواز شریف صرف اسی ووٹ کو مقدس سمجھتے ہیں جو انہیں ملے، ان کا بس چلے تو وہ یہ ترمیم بھی لے آئیں۔عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینٹ میں کسی جماعت کے پاس اکثریت نہیں تھی چیئرمین الائنس کا ہی آنا تھا،اس حوالے سے حکمرانوں نے بھی الائنس بنانے کی کوشش کی اور اپوزیشن نے بھی،اپوزیشن کا الائنس کامیاب رہا اس پر واویلا کیوں کیا جا رہا ہے؟انہوں نے کہا کہ نااہل کہتا ہے کسی قدوس بزنجو کو وزیر اعظم نہیں بننے دوں گا اگر ووٹرز نے کسی قدوس بزنجو کے حق میں فیصلہ دیا تو پھر نااہل اور اس کی ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ مہم کدھر جائیگی؟ آمروں کی نرسری میں پرورش پانے والے نااہل کی سوچ شہنشاہوں والی ہے یہ صرف اس جمہوریت سے واقف ہیں جس نے انہیں شہنشاہ بنایا۔ نوازشریف سکیورٹی رسک ہیں،ان کی اداروں کیخلاف مہم جوئی دشمنوں کا ایجنڈا ہے،عوام اور اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کر کے دشمنوں کو کھل کھیلنے کا موقع دینے کی سازش ہورہی ہے،شیخ مجیب کے نقش قدم پر چلنے والے اس سیاسی سنپولیے کا اژدھا بننے سے پہلے سر کچلنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ نااہل کی جماعت اپنی مدت مکمل کرچکی، پی آئی اے ‘ سٹیل ملز یا کسی قومی ادارے کی نجکاری کرنے کی انہیں اجازت نہیں ہونی چاہیے۔یہ فیصلے آئندہ پارلیمنٹ پر چھوڑے جائیں۔