این اے 120 ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل کا استعمال، لاہور ہائیکورٹ نے جواب طلب کرلیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نواز کی جیت کے لئے مبینہ طور سرکاری وسائل کے استعمال کیخلاف تحریک انصاف کی درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ٹیپا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے بھائی شہباز شریف کی حکومت ہے۔این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ان کے مد مقابل امیدوار تھیں۔بیگم کلثوم نواز کو انتخاب جتوانے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ علاقے میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرا کے ووٹرز کی ہمددردیاں حاصل کی گئیں۔ مسلم لیگ ن کے اراکین پارلیمنٹ مسلسل حلقہ کا دورہ کرتے اوربیگم کلثوم نواز کے حق میں مراعات اور لالچ دے کر الیکشن پر اثر انداز ہوئے۔انہوں نے ا ستدعا کی کہ عدالت ضمنی انتخابات کے دوران حلقے میں کرائے گئے ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ عدالت میں طلب کرے۔جس پرعدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،ٹیپا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔