رائیونڈ دھماکہ، تخریب کاری، دہشتگردی کی وارداتوں میں دشمن قوتیں ملوث ہیں: حا فظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان اور اس کے ایٹمی پروگرام کونقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ رائیونڈ دھماکہ جیسی تخریب کاری و دہشت گردی کی وارداتوں میں دشمن قوتیں ملوث ہیں۔ نظریہ پاکستان کے تحفظ سے ہی ملک کا دفاع ممکن ہے۔ حکمران آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضے لینا بند کریں اور قرآن و سنت کی روشنی میں پالیسیاں ترتیب دیں۔ بھارت، امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے دوستیاں نبھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عروج پر ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو جلد آزادی مل کر رہے گی۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کا چاروں اطراف سے گھیرائو کیا جارہا ہے۔ جس طرح پاکستان کیلئے مشرق و مغرب سے خطرات کھڑے کئے جارہے ہیں اسی طرح سعودی عرب کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے یمن میں بغاوت کھڑی کی گئی ہے ۔ پاکستان امت مسلمہ کا دفاعی مرکز اور سعودی عرب مسلمانوں کا دینی مرکز ہے۔ سعودی عرب میں مسلمانوں کے دو حرم بیت اللہ اور مسجد نبوی ہیں جن پر مسلمان متحد ہو سکتے ہیں‘ اسی لئے دنیائے کفر سرزمین حرمین شریفین کو نقصان پہنچا کر اس مرکزیت کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان کا ایٹم بم انڈیا سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اس سے بہت تکلیف ہے اور وہ اس قوت کوہم سے چھیننا چاہتے ہیں۔ حافظ سعید نے کہاکہ اتحادی ممالک افغانستان میں شکست کا بدلہ پاکستان سے لینے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ سازش کے تحت تخریب کاری و دہشت گردی کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ مسلمانوں کا بیانیہ اللہ کا قرآن ہے۔ مسلمانوں کے مسائل کفار سے دوستی پروان چڑھانے سے حل نہیں ہوں گے۔ ہم نے اسلام اور مسلمانوں کے دفاع کی جنگ لڑنی ہے۔ میڈیا اس وقت بہت بڑا ہتھیار ہے۔ ہمیں نظریہ پاکستان کی حفاظت کرنی اور نوجوان نسل کو دشمن کی سازشوں اور پروپیگنڈہ کا شکار ہونے سے بچانا ہے۔