• news

آئرلینڈ: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلاجواز فائرنگ کیخلاف کشمیریوں کا احتجاجی مظاہر ہ

مانچسٹر (عارف چوہدری) آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں مقیم کشمیری کمیونٹی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی افواج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے نزدیک سول آبادی پر بلاجواز فائرنگ کے خلاف بھارتی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کا اہتمام مقامی کشمیری رہنماؤں مرزا شاہد محمود، خرم اقبال، ظہیر عباس، نعیم اقبال نے کیا تھا۔ مظاہرین نے کشمیر کے جھنڈے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ مظاہرے میں شریک بنگلہ دیشی کمیونٹی کے راہنما آزاد طلالدار نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بھارتی سفارت کار کو احتجاجی یادداشت بھی پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن