چیئرمین سینٹ، ظفر الحق کو ووٹ نہ دینے والے مزید دو لیگی ارکان کا پتہ مل گیا، ثناء اللہ زہری کے قریبی عزیز ہیں: نیوز ایجنسی کا دعویٰ وزیراعظم کا تحقیقات کیلئے آئی بی کو ٹاسک
اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز) سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں راجہ ظفر الحق کو ووٹ نہ دینے والے مسلم لیگ (ن) کے دو مزید سینیٹرز کے نام بھی پارٹی قیادت کو پتہ چل گئے ہیں، یہ دونوں سینیٹر بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے قریبی عزیز ہیں۔ نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے تحقیقات کا حکم دیا تھا جس کی ابتدائی رپورٹ انہیں پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں دیگر ناموں کے علاوہ مزید دو نام بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کیلئے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیئے ان میں میر نعمت اللہ زہری اور آغا شاہ زیب درانی شامل ہیں۔ آغا شاہ زیب درانی، آغا شہباز درانی کی وفات کے بعد ضمنی الیکشن میں بلوچستان سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آئی بی کو ہدایت کی ہے کہ معلوم کریں کن سات سینیٹرز نے حکومتی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا، جب کہ یہ بھی پتہ کریں کہ کس نے انہیں اپوزیشن کو ووٹ دینے پر مجبور کیا۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت دی ہیں کہ اس بات کا بھی کھوج لگایا جائے کہ متعلقہ سینیٹرز کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے یا اتحادی جماعتوں سے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو معلومات جمع کرنے کا ٹاسک نوازشریف نے دیا ہے۔