عدلیہ، اشرفیہ، سیاستدان اور جرنیل ملکر ملک کو عظیم بنائیں ورنہ قوم معاف نہیں کریگی: شہبازشریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈیرہ غازیخان کادورہ کیااورضلع ڈیرہ غازیخان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ چوٹی زیریں سے چوٹی بالا تک سڑک کی بحالی و کشادگی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے 45 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے انڈس ہائی وے پر واقع کوٹ چھٹہ بائی پاس کی تعمیر کے منصوبے ، انڈس ہائی وے بستی ملانہ تا حیدری چوک سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے اورانڈس ہائی وے محبوب موڑ تا عالم خان روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کاافتتاح کیا۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ میں 20 بستروں پر مشتمل جدید ٹراما سنٹر کا بھی افتتاح کیا،جس پر10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہیڈ زیرو چوٹی زیریں کا افتتاح بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھااوراس منصوبے کو15 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے 9سال کے دوران ضلع ڈیرہ غازی خان میں 47ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جبکہ گزشتہ ساڑھے 4سال کے دوران ڈی جی خان کی تعمیر و ترقی اور علاقے کے عوام کی خوشحالی پر 27ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے- وزیراعلی نے فورٹ منرو میں کیڈٹ کالج اور چوٹی زیریں میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے قیام کااعلان کیا -وزیراعلی نے غازی میڈیکل کالج میں ڈی جی خان او رراجن پور کے غریب گھرانوں کے بچوں کے لئے میرٹ کے تحت کوٹے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس مقصد کے لئے کمیٹی پہلے ہی بنا دی گئی ہے-وزیراعلی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چوٹی زیریں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے تمام سیاسی مخالفین کا صفایا ہوجائے گااو رپنجاب سمیت پاکستان بھر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام نے فیصلہ کرناہے کہ کس نے ان کی خدمت کی ہے اور کس نے قوم کا وقت بربادکیاہے۔کس نے دن رات ایک کر کے قومی دولت کو امانت جان کر عوام کی ترقی کے منصوبے مکمل کئے او رکس نے ملکی دولت کو لوٹا۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانا اور یہاں کے شہروں کو لاہور کے برابرترقی دینا میرا عزم ہے-جنوبی پنجاب سے یاری لگائی ہے تو اسے ہر قیمت پر نبھائوںگا۔ انہوںنے کہاکہ میرے سیاسی مخالفین کہتے ہیں کہ شہبازشریف سڑکیں،پل او رمیٹرو کے منصوبے تو بناتا ہے لیکن ہسپتال اور سکول نہیں بناتا-میں مخالفین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ڈیرہ غازی خان آئیں او ردیکھیں کہ یہاں دانش سکول بھی ہیں ، میڈیکل کالج بھی ہے ، جدید ہسپتال بھی ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان میں ٹیچنگ ہسپتال بن رہاہے- مخالفین نے اپنے صوبوں میں نہ سڑکیں بنائی نہ پل بنائے ، نہ ہسپتال اور نہ ہی سکول بنائے بلکہ قوم کا قیمتی وقت برباد کیا-آج زرداری او رنیازی اکٹھے ہوگئے ہیں اور اس جوڑی کے گٹھ جوڑ کا مقصد عوام بخوبی جانتے ہیں-نیازی ، زرداری سے کہتے ہیں کہ سندھ میں چاہے کچھ بھی نہ کرو اس کے شہروں کو برباد کرو،فکر نہ کرو ہم تمہارا نام نہیں لیں گے۔دوسری جانب زرداری ،نیازی سے کہتے ہیں کہ آپ کے پی کے میں جو مرضی کریں ہم آپ کو کچھ نہیں کہیں گے۔ان کے گٹھ جوڑ کا مقصد پنجاب کے ترقیاتی کاموں میں کیڑے نکالنا او رپنجاب حکومت پر بے بنیاد الزامات لگانا ہے۔ ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان نہ بنایا تو روز قیامت ہماری معافی نہیں ہوگی۔ عمران نیازی جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں انہوں نے ایک بار پھر مجھ پر ملتان میٹرو منصوبے میں رشوت اور کمیشن لینے کا الزام لگایاہے۔ خیبر پی کے میں ایک ارب درخت لگانے کا آپ کا جھوٹ ثابت ہوگیا ہے۔ آپ ایک ارب جھوٹ بولتے ہیں۔ نیازی صاحب نے ملتان میٹرو منصوبے کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ نوٹس لیں-میری بھی عدالت عظمی کے چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ وہ نیازی کی درخواست فی الفور منظور کریں ، چیف جسٹس پاکستان 17ججوں پر مشتمل فل بینج تشکیل دیں جو اس منصوبے کی تحقیقات کرے اگر میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نکل آئے تو میں ہمیشہ کے لئے سیاست چھوڑ دوں گا اور اگر عمران نیازی جھوٹے ثابت ہوں ،جس طرح ان کے پہلے بیانات جھوٹ ثابت ہو چکے ہیں تو ان کی سزا قوم تجویز کرے۔ دن رات جھوٹ بولنے والے نیازی صاحب قوم پر رحم کریں۔ میرے پاس خان صاحب کے الزامات کا جواب دینے کے لئے وقت نہیں ہے-میں عوام کی خدمت کرنا چاہتاہوں جبکہ نیازی صاحب مجھے الزامات کی سیاست میں الجھاناچاہتے ہیں-انہوںنے کہا کہ میں چند دنوں میں چیف جسٹس آف پاکستان کو مجھ پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں خط بھجوائوں گا تاکہ دودھ کا دودھ او رپانی کا پانی ہوجائے- خان صاحب پھر بھاگ جائیں گے کیونکہ وہ بھگوڑے ہیں اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔ خان صاحب جائیں کسی درگاہ میں بیٹھ کراللہ اللہ کریں کیونکہ سیاست ان کے بس کی بات نہیں ہے، وہ کان پکڑیں۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ معزز ادارہ ہے اور پارلیمان بھی قابل احترام ہے-مہذب معاشرے میں ادارے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عدلیہ ، افواج پاکستان ، پارلیمان اورسیاستدانو ں سے میری اپیل ہے کہ آئیے پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور اسے عظیم ملک بنانے کے لئے ملکر کام کریں۔ قوم کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے دن رات کام کیا ہے ۔ بجلی بحران نے قومی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا-مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شب وروز کی محنت کے باعث توانائی کے منصوبے مکمل کرنے سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے-سی پیک کے تحت بھی توانائی کے منصوبے لگائے گئے ہیں-یہ ہمارا فرض اور آپ کا قرض تھا جو ہم نے دن رات محنت کر کے اتارا ہے-دوسری جانب سیاسی مخالفین سے کہتا ہوں کہ وہ ہوش کے ناخن لیں ، جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ نہ کریں -عمران نیازی صاحب نے ا یک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اگلے 5سالوں میں نہ صرف کے پی کے کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل بنا دیں گے بلکہ پاکستان کے لئے بھی بجلی پیدا کریں گے-قوم جاننا چاہتی ہے کہ آپ کی پیدا کردہ بجلی کہاں ہے-کس شہر ، کس قصبے او رکس علاقے میں آپ نے بجلی پیدا کی ہے-آپ کی پیدا کردہ بجلی آسمان پر ہے ، چاند پر ہے یا مریخ پرکیونکہ زمین پر تو اس کا وجود نہیں-انہوںنے کہاکہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی دن رات کی جدوجہد کی بدولت ملک سے توانائی بحران کاخاتمہ ہواہے۔ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت مخلصانہ اقدامات نہ کرتی تو ہر طرف اندھیرے اور تباہی ہوتی۔ سرکاری ہسپتالوں میں ملک کی تاریخ میں پہلی بار معیاری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں-انہوں نے کہاکہ منزل لمبی ،راستہ کٹھن ہے ،پہاڑ ، سمندر، راستے میں آئیں گے لیکن عوام کی مدد سے انہیں عبور کریں گے-راستہ کھوٹا کرنے والوں ، جھوٹ اور الزامات کی سیاست کرنے والوں کا قوم محاسبہ کرے گی-میری عدلیہ، اشرافیہ،سیاستدانوں اور جرنیلوں سے ایک بار پھر درخواست ہے کہ خدا را پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لئے ملکر کام کریں ورنہ قوم او رآئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ نیازی، زرداری گٹھ جوڑ نے اپنے صوبوں کی ترقی کے لئے کچھ نہ کیا ، ایک نے کراچی کو کچرا کنڈی بنا دیا جبکہ دوسرے نے میٹرو کے نام پر پشاور کو اکھاڑ کر رکھ دیا۔ مسلم لیگ(ن)کی حکومت 4شہروں میں میٹروبس چلا چکی ہے۔اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں خدمت کا موقع دیا تو پاکستان کے ہر شہر کو لاہور کی طرح ترقی دیں گے اور ملک کو عظیم بنائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں چین کے سفیر یائو جنگ (Mr. Yao Jing) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں پر پیش رفت اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر اپنی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی جانب سے مبارکباد دی۔چینی سفیر نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے وزیر کی جانب سے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے نام تہنیتی پیغام بھی دیا جس میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کو پارٹی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دینے کے ساتھ ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ چین کے سفیر یائو جنگ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کاپارٹی صدر منتخب ہونا آپ کی صلاحیتوں اور انتھک محنت کا اعتراف ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اورمستقبل میں آپ کی قیادت میں دونوں جماعتوں میں تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ بلاشبہ آپ نے اپنی بے مثال قیادت کے ذریعے ترقی کے سفر کو تیز تر کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے عوام آپ کے ترقیاتی وژن کے معترف ہیں۔ چینی سفیر نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو چین میں ہونے والی انٹرنیشنل پولیٹیکل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس میں آپ کی شرکت ہمارے لئے باعث اعزاز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔ سی پیک کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔ چین کے بے مثال تعاون کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے واپڈا ٹائون میں گھر میں آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے چار افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔