پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد یونائیٹڈ ‘ پشاور زلمی‘ کراچی کنگز کے کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان سْپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پلے آف مرحلے اور فائنل میچ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔ کراچی کنگز کے جن کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا ہے ان میں انگلینڈ کے جو ڈنلے، ٹائمل ملز، روی بوپارا ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز اور جنوبی افریقہ کے کولن انگرام اور ڈیوڈ وائزے شامل ہیں جبکہ ایوئن مورگن نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔ پشاور زلمی کے تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے کی حامی بھرلی جیسا کہ گزشتہ برس بھی تمام کھلاڑی پاکستان آئے تھے جن میں زلمی کے کپتان ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی سر فہرست ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈکے جین پال ڈومینی، لیوک رونکی اور سمیٹ پٹیل نے پاکستان آنے کے لیے آمادہ ہو گئے ہیں۔گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ناک آؤٹ مرحلے میں مشکلات سے دوچار ہوگئی جہاں اس کے اہم ترین کھلاڑی کیون پیٹرسن نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔کیون پیٹرسن کا کہنا تھا کہ ’میری خواہش تھی کہ پاکستان جاؤں اور پلے آف مرحلے میں شرکت کروں لیکن اہل خانہ نے منع کردیا اس لیے پاکستان آنے سے معذرت کرتا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ میرے مداح اس فیصلے کا احترام کریں گے۔کیون پیٹرسن کے بعد جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج کھلاڑی ریلے روسو نے بھی پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے سے معذرت کر لی۔آسٹریلیا کے شین واٹسن نے بھی یہ کہ کر پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے کہ ان کے اہل خانہ پاکستان بھیجنے پر راضی نہیں تاہم میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔