میرپور خاص: میڈیکل کی طالبہ کی ہاسٹل میں پراسرار ہلاکت، نعش باہر گٹر سے ملی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میرپور خاص کے نجی ڈینٹل کالج کی طالبہ کی ہاسٹل میں پراسرار موت، 20 سالہ زریش کی نعش ہاسٹل کے باہر گٹر میں پڑی ملی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میرپور خاص کے نجی ڈینٹل کالج میں زیر تعلیم خان پور ضلع کی رہائشی سیکنڈ ائر کی طالبہ زریش بنت ذوالفقار علی انصاری کی نعش ڈھولن آباد میں ڈینٹل کالج کی ہاسٹل کی پچھلی گلی کے گٹر کے پاس سے ملی پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لڑکی نے ہاسٹل کی چھت سے کود کر مبینہ خودکشی کی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ہاسٹل کو گھیرے میں لیکر وہاں موجود چوکیدار ،باورچی سے کئی گھنٹے پوچھ گچھ کی ایس ایس پی میرپورخاص نذیر میر بحر کے مطابق لڑکی کی موت خودکشی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے لیکن پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے بعد تحقیقات کا دائرہ کار آگے بڑھائیں گے۔