چین: قومی عوامی کانگریس میں اصلاحات کی منظوری‘ محکموں کی تعداد 26 ہوگئی
بیجنگ (آئی این پی ) چین کی قومی عوامی کانگریس نے ریاستی کونسل کے ما تحت محکمہ جات میں اصلاحات کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دے دی ، منصوبے کے تحت ریاستی کونسل کے ماتحت عمومی امور کے علاوہ دوسرے محکموں کی تعداد چھبیس ہو جائے گی۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطا بق بیجنگ میں منعقد ہونے والے تیرہویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے اجلاس کے پانچویں کل رکنی اجلاس میں ریاستی کونسل کے ما تحت محکمہ جات میں اصلاحات کے حوالے سے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ محکمہ جات کی موجودہ اصلاحات کا مقصد اہم شعبہ جات کی بہتری اور ترتیب نو نیز ان شعبوں کے فرائض کا تعین، قانون کے تحت انتظامی نظام کا قیام اور سرکاری اداروں کی بہتر کارکردگی کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر اطمینان کا اظہار کر سکیں ۔ منصوبے کے تحت کی جانے والی تبدیلیوں کے بعد ریاستی کونسل کے ماتحت عمومی امور کے دفتر کے علاوہ دوسرے محکموں کی تعداد چھبیس ہو جائے گی ۔