• news

بیگم کلثوم کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال داخل، نواز شریف کا فون، خیریت دریافت کی

لندن (عارف چودھری + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال داخل کرلیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز روٹین کے چیک اپ کیلئے ہسپتال گئی تھیں تاہم طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال داخل کرلیا گیا۔ ان کے تمام ٹیسٹ دوبارہ لئے جائیں گے۔ نتائج کے بعد ہی ان کی صحت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔ کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز اپنی والدہ کی تیمار داری کیلئے ہسپتال میں موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے اپنے شوہر نواز شریف اور بیٹی کلثوم نواز سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنی اہلیہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ نوازشریف اور کلثوم نواز کے درمیان 3 منٹ گفتگو ہوئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کا مکمل چیک اپ کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلے جو علاج کیا گیا اس کے مثبت نتائج نہیں مل رہے۔ ہسپتال میں حسن اور حسین نواز موجود ہیں۔ اسحاق ڈار، مریم نواز اور علی ڈار نے بھی حسین نواز سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ای پیپر-دی نیشن