پی ایس ایل میچز‘ قذافی سٹیڈیم کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات
لاہور(نمائندہ سپورٹس) کیپیٹل سٹی پولیس افسر کیپٹن ریٹائرڈ امین وینس نے قذافی سٹیڈم میں پی ایس ایل میچز کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی۔ قذافی سٹیڈیم اور اطراف کا علاقہ21 مارچ تک کاروباری سرگرمیوں کیلئے بند کردیاگیا۔ پولیس کے 15 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیںتاہم سٹیڈیم سے متصل بعض مرکزی شاہرائیں بھی تمام گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند رہیں گئیں۔فیروز پور روڈ سے مسلم ٹاؤن موڑ اور کمالہ چوک تک سیل کردیئے جائینگے۔ گلبرگ اور مین بلیوارڈ روڈ تمام تر گاڑیوں کیلئے بند رہے گا جبکہ دی مال، جیل روڈ اور لاہور کنال معمول کے مطابق گاڑیوںکیلئے کھلے رہیں گے۔ جھنگ، چنیوٹ، خانیوال اور چکوال کے ڈی پی اوز سکیورٹی اور سروس کی نگرانی کیلئے موجود ہوں گے۔ سکیورٹی کیلئے فوج کے دستے بھی پہنچ گئے۔ امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے فضائی نگرانی، سنیپ چیکنگ، سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ و دیگر سکیورٹی آلات سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جائے رہے ہیں۔آرمی اور رینجرز ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم تک فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے لاہور پولیس کا مکمل ساتھ دیگی۔قذافی سٹیڈیم میں 3جبکہ کھلاڑیوں کیلئے مختص ہوٹل میں سکیورٹی کے 4حصار قائم کئے گئے ہیں۔سٹیڈیم آنے والے شائقین کیلئے 4پارکنگ پوائنٹس مختص ہونگے۔