• news

امریکہ غلطی درست کرے ، ٹرمپ کا اقدام’’ون چائنہ‘‘ اصول کے خلاف ہے: چین

تائی پے /بیجنگ/ واشنگٹن (این این آئی+اے ایف پی)ٹرمپ کی طرف سے امریکی حکام کو تائیوانی اہلکاروں سے ملاقات کے قوانین کی منظوری دینے پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے امریکہ غلطی درست کرے۔ یہ ون چائنہ اصول کی خلاف ورزی ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس قانون سازی پر دستخط کر دیئے تھے جو امریکی حکام کو تائیوان جا کر اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، اس قانون کے تحت تائیوان کے حکام بھی امریکی عہدیداروں سے امریکہ آ کر ملیں گے لیکن یہ اقدام چین کی ناراضی کا باعث ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تائیوان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ جزیرے کی خودمختار حکومت امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد کے اصولوں کے مطابق قریبی روابط کو برقرار رکھے گی۔امریکہ اور تائیوان کے حکام پہلے بھی ایک دوسرے کے ہاں آتے جاتے رہے ہیں لیکن اس طرح کے دوروں کو زیادہ اجاگر نہیں کیا جاتا تھا کیونکہ یہ چین کی ناراضی کا باعث ہے۔ چین، تائیوان کو اپنا ایک حصہ تصور کرتا ہے۔ٹرمپ کی طرف سے قانون سازی پر دستخط کے بعد چین کے سفارتخانے نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا اس سفری قانون کی شقیں ون چائنا اصول، چین اور امریکہ کے تعلقات کی سیاسی اساس کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔چین کا کہنا تھا کہ تائیوان ٹریول ایکٹ امریکہ کے ان وعدوں کی بھی خلاف ورزی ہے جو اس نے 1979 میں تائی پے کی بجائے بیجنگ کے ساتھ واشنگٹن کے سفارتی تعلقات قائم کرتے ہوئے کیے تھے کہ وہ تائیوان کے ساتھ براہ راست سرکاری روابط نہیں رکھے گا۔ چین نے تائیوان سے معاہدہ ختم کرنے پر زور دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن