• news

 سیکولر قیادت کی وجہ سے پاکستان عالمی ایجنسیوں کا اصطبل بن گیا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے نظریہ پاکستان کی حفاظت اور اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے دینی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان کی دینی جماعتوں کو اکٹھا کیا جائے، وارثین منبر و محراب کو یکجا کیا جائے دینی جماعتیں حقیقی سیاسی قیادت بن کر سامنے آئے، سیکولر جماعتوں نے پاکستان میں بد امنی و بے روزگاری، عریانی و فحاشی کو عام کیا، سیکولر قیادت کی وجہ سے ہی پاکستان بین الاقوامی ایجنسیوں کا اصطبل بن گیا ہے، یہ سیکولر قیادت بکنے والی ہے، سینٹ الیکشن میں پورا کا پورا اصطبل فروخت ہوگیا لیکن اللہ کا شکر ہے جس نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کواس بدنما داغ سے محفوظ رکھا۔ جامعہ دارالسلام گزری میں سالانہ تقریب ختم بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا میری زندگی کا سب سے زیادہ خوشی کا موقع ہے میں نے اپنے ہاتھوں سے طلباء کی دستار بندی کی۔انہوں نے کہا ہمارا تعلق چاہے کسی بھی صوبے سے ہو ہمیں پورے پاکستان میں اسلامی حکومت قائم کرنا ہے ، اللہ کے دین کو غالب کرنا ہے ، آ ج دنیا کفر مدارس ، علمائے کرام ، ممبر و مدارس سے ڈرتی ہے ، انگریزوں نے سب سے پہلے مدارس پر حملہ کیا ۔نائن الیون واقعہ کے 15منٹ بعد مدارس کے نصاب کی تبدیلی کی بات شروع کی گئی اور ڈکٹیٹر نے ہمارے نصاب سے سورہ توبہ اور سورہ انفال کو نکالا یہ ایسی نسل تیار کرنا چاہتے ہیں جو صرف برائے نام مسلمان ہوں، وہ محمد بن قاسم بننے کے بجائے فن کار بننے پر خوشی کا اظہار کرے۔

ای پیپر-دی نیشن