بھاری اکثریت سے جیتے، میرے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں آ سکتی: چیئرمین سینٹ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) چیئرمین سینٹ میرصادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان سے نو منتخب آزاد سینیٹرز کسی بھی پارٹی میں شمولیت کی بجائے اپنی آزاد حیثیت برقرار رکھیں گے۔ بھاری اکثریت سے جیتے ہیں اس لیے میرے خلاف عدم اعتماد کی کوئی تحریک نہیں آسکتی۔ یہ بات انہوں نے دالبندین میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل دالبندین آمد پر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا، چیئرمین سینٹ نے کہا بلوچستان اور بالخصوص ضلع چاغی میرا آبائی علاقہ ہے پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہوگا ریکوڈک پراجیکٹ کاکیس انٹرنیشنل کورٹ میں چل رہا ہے سی پیک کا پہلے والے روٹ کواسلام آباد میں جاکر ہمیں دیکھنا ہوگا کہ واقعی پہلے روٹ کہاں سے تھا اب بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا اس سے عوام کو فائدہ ملے ہمیں پاکستان کی سالمیت کے لئے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہ مجھے انہیں کامیاب بنانے پر ایک مرتبہ پھر بلاول بھٹوزرداری ،آصف علی زرداری اور عمران خان اور باقی دیگر دوستوں کا بے حد مشکور ہوں۔ نواز شریف اور حاصل بزنجو کے بیان پر انہوں نے کہا وہ ہمارے بزرگ ہیں ان کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ان کے اعزاز میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما سردار نجیب سنجرانی نے ظہرانہ دیا۔ بعدازاں چیئرمین سینٹ نے چاغی جاکر معروف بزرگ بابا بلانوش کے مزار پر حاضری دی اور متعدد بیلوں کا صدقہ بھی دیا۔