پاکستان 2025ء تک دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا: احسن اقبال
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کا گوادر پرامن اور خوشحال ہے، گوادر پاکستان کا مستقبل ہے، پاکستان 2025ء تک دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، گوادر کے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گوادر یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر طلباء و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اکیسویں صدی نظریہ کی نہیں بلکہ تعلیم اور معیشت کی صدی ہے، نظریاتی مباحثوں سے بالاتر ہو کر اقتصادی ترقی کو مدنظر رکھ کر معاشی اصلاحات کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کیلئے معیشت کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اسی سوچ کو پروان چڑھا کر دنیا میں معاشی انقلاب لانے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیداواری معیار میں بہتری اور جدت لانا ہوگی، ملک کی ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ اور غذائیت کے مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ سی پیک منصوبہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، اس سے ہم اس خطہ کے لوگوں کی زندگیاں بدل دیں گے۔ گوادر پورٹ، ماسٹر پلان، اکنامک زون، ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور گوادر یونیورسٹی سے گوادر کا تشخص تبدیل ہوگا۔سی پیک میں ہونے والی سرمایہ کاری کا 80 فیصد توانائی کے شعبہ میں ہے، سی پیک کی بدولت پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے، توانائی منصوبوں کی بدولت عوام کو بجلی ملے گی جبکہ صنعتکار کا رکا پہیہ ایک بار پھر سے چل پڑے گا۔ وزیرداخلہ نے عامر لیاقت کی تحریک انصاف میں شمولیت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عامر لیاقت نے نوازشریف کو کہا تھا صرف آپ ہی سچے لیڈر اور عوام کیلئے امید کی کرن ہیں۔ ٹویٹر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ کیلئے ہے کہ میں اس ملاقات میں موجود تھا۔ جب عامر لیاقت نے نوازشریف سے کراچی میں میٹنگ کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ انہیں عوامی میٹنگ کیلئے کچھ وقت عنایت کریں اور ساتھ کہا کہ آپ ہی پاکستان کے سچے لیڈر ہیں اور عوام کیلئے امید کی آخری کرن بھی ہیں۔