سی ڈبلیو ڈی نے 365ارب سے زائد کے 34منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 365 ارب 49 کروڑ روپے مالیت کے 34 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ جبکہ 333 ارب روپے لاگت کے پانچ منصوبے حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیج دیئے گئے۔ توانائی کے شعبے میں 5 ارب روپے کی لاگت سے گلگت و بلتستان میں علاقائی گرڈ سٹیشن کے قیام‘ مہمند ایجنسی میں مہمند ڈیم کی تعمیر کے منصوبوں کو سفارش کے ساتھ ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ این ٹی ڈی سی انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اس پر 2 ارب 91 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ گوادر میں ریلوے راہداری کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی منظوری کے لئے ایکنک بھیج دیا گیا۔ نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر سیکورٹی اہلکاروں کی رہائش کے لئے 2 ارب 69 کروڑ روپے کی لاگت کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ قلعہ سیف اﷲ میں سڑک کی چوڑائی میں اضافہ کے لئے 2 ارب 87 کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ دیامر بھاشا ڈیم کا منصوبہ حتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھیج دیا گیا۔ ضلع مظفر گڑھ میں سیلاب بند کی تعمیر کے لئے منصوبہ منظور کر لیا۔ اس پر 51 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بلوچستان اور سندھ میں سمندر کی سطح میں اضافہ کی نگرانی کے لئے منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اسلام آباد کے سفارتی علاقے میں حفاظتی دیوار کی تعمیر کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اس پر 406 ملین روپے لاگت آئے گی۔ پائیڈ کے ایچ الیون اسلام آباد میں کیمپس کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔ اس پر 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ ہزارہ یونیورسٹی کے ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے منصوبے کو منظور کر لیا گیا۔ بلوچستان کے طلباء کو سکالرشپ دینے کے لئے 448 ملین کے منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔ نیشنل کالج آف آرٹس کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ گوادر بلوچستان میں تکنیکی ٹریننگ سینٹر بنایا جائے گا۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سکول میں پرائمری سیکشن بنانے کے منصوبے کی منظوری دیدی گئی۔ پاک رینجرز کے ہسپتال میں طبی آلات کی فراہمی کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ کوئٹہ میں جمنازیم کی تعمیر‘ تمام شہروں میں سائبر کرائمز قومی مراکز کے قیام‘ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں لینڈ ریونیو ریکارڈ کے منصوبے بھی منظور کر لئے گئے۔