جعفر ایکسپریس کی اکانومی کلاس میں لائٹ پنکھے نہ چلنے پر مسافروں کا احتجاج ‘ ہنگامہ
ملتان( نمائندہ خصوصی) اکانومی کلاس کے مسافروں نے بوگیوں میں لائٹ اور پنکھے نہ چلنے پر ملتان کینٹ سٹیشن پر ہنگامہ کھڑا کر دیا کینٹ سٹیشن دو گھنٹے تک میدان جنگ بنا رہا ۔ متعلقہ ڈویژنل اسسٹنٹ الیکٹریکل انجینئر ٹرین لائٹنگ منظور ساجد دو گھنٹے کی تاخیر کے بعد موقع پر پہنچے ابتدا ء پر انہوں نے فون پر ہی خرابی دور نہ ہو سکنے کی نوید سنا دی تاہم صورتحال خراب ہونے پر انہیں باامر مجبوری موقع پر آنا پڑا قبل ازیں ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے سعید احمد اور ڈی ایس پی ریلوے پولیس امجد منظور خان نے موقع پر پہنچ کر مسافروں سے مذاکرات کئے اور 2 گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے چارجنگ لائٹس مسافروں کو فراہم کر کے روانہ کیا بتایا جاتا ہے کہ راولپنڈی سے کوئٹہ کے لئے جانے والی جعفر ایکسپریس میں لاہور سٹیشن سے 110 وولٹ کی دو اکانومی کلاس بوگیاں لگا دی گئیں جبکہ ٹرین کی دیگر 11 بوگیاں 220 وولٹ کرنٹ پر مشتمل تھیں جن سے کرنٹ 110 وولٹ والی بوگیوں میں منتقل نہیں ہو سکتا تھا لاہور سے ملتان تک مسافروں کو یقین دہانی کروائی جاتی رہی کہ ملتان پہنچتے ہی ٹرین کے پنکھے اور لائٹس چلا دئیے جائیں گے تاہم ملتان پہنچتے ہی مسافروں کو بتایا گیا کہ لائٹ اور پنکھے نہیں چل سکتے جس پر مسافروں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ڈی سی او ریلوے سعید احمد اور ڈی ایس پی امجد منظور خان پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مسافروں سے مذاکرات کئے مسافروں کو یقین دہانی کروائی گئی کہ روہڑی میں متبادل بوگیوں کا انتظام کر لیا گیا ہے تب تک چارجنگ لائٹس آپ کو فراہم کر دی جائیں گی اور ریلوے افسران کی یقین دہانی پر مسافروں نے احتجاج ختم کر دیا اور رات 8 بجکر 15 منٹ پر آنے والی ٹرین کو 2 گھنٹے 30 منٹ کی تاخیر سے روانہ کیا گیا ٹرین کی روانگی سے کچھ دیر قبل ڈی ای ای آر ٹی ایل بھی موقع پر پہنچ گئے احتجاج کے دوران مسافروں نے ریلوے حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی موقع پر موجود ریلوے ملازمین کا کہنا تھا کہ خرابی دور ہو سکے یا نہ ہو سکے ہزاروں روپے تنخواہ لینے والے متعلقہ آفیسر کو فوری موقع پر آنا چاہئے تھا اعلیٰ حکام کو معاملہ کا نوٹس لینا چاہئے۔