چینی وزیر خارجہ کی ترقی‘ سٹیٹ قونصلر جنرل ‘وانگ فنگھے کو وزیر دفاع بنا دیا گیا
لاہور (نیوز ڈیسک) چینی صدر ژی جن پنگ نے وزیر خارجہ وانگ ژی کو ترقی دیکر سٹیٹ قونصلر کے عہدے پر فائز کر دیا ہے۔ اسی طرح جنرل وی فینکھے کو ملک کا وزیر دفاع مقرر کیا گیا۔ وانگ ژی 2013ءمیں چین کے وزیر خارجہ مقرر ہوئے وہ سٹیٹ کونسلر بننے کے باوجود وزیر خارجہ کے طور پر نیشنل پیپلز کانگریس کی طرف سے وقتاً فوقتاً تفویض کردہ ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ سفارتی ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر چین کا کردار اور امیج امریکہ کے مقابلے میں مزید مضبوط اور اجاگر کرنے کیلئے چینی وزارت خارجہ میں صدر ژی اہم تبدیلیاں کر رہے ہیں۔ قبل ازیں صدر ژی جن پنگ کے بااعتماد ساتھی وانگ کیشان کو ملک کا نائب صدر نامزد کیا گیا اسی طرح اکتوبر میں کمیونسٹ پارٹی کے پولٹ بیورو ممبر یانگ جیچی کو نامزد کیا گیا تھا۔