• news

جیل روڈ پر ٹوئن ٹاور کی تعمیر آئندہ سال شروع کرنے کا فیصلہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جےل روڈ پر ٹوئن ٹاور کی اراضی کی قیمت اس سال ادا کرنے اور تعمیر آئندہ سال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے -واسا ملازمین کی بیوگان کو پانی کی مفت فراہمی کی سہولت بحال کرنے اور شہر میں قومی اسمبلی کے 11حلقوں میں نئے تعمیر کئے جانے والے سپورٹس کمپلیکسوں کا نظام چلانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کی سربراہی میں11رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے سمیت متعدد اہم فیصلے کئے ہیں-ایم ڈی واسا کو گریڈ17اور 18کے علاوہ گریڈ19 کے افسروں کے بھی تقرر و تبادلے کا اختیار دے دیا گیا ہے اور واسا کے سروس ایریا میں توسیع کے باعث سینٹری ورکر کی 130اسامیوں سمیت مختلف نوعیت کی کل 235 مزید اسامیوں کی بھی منظوری دے دی گئی - لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس گزشتہ رو زوزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور گورننگ باڈی کے ممبر خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر منعقد ہوا جس میں لاہور سے رکن صوبائی اسمبلی باﺅ محمد اختراور ننکانہ صاحب سے رانا محمد ارشد ‘ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے زاہد اختر زمان‘منیجنگ ڈائریکٹر واسا سید زاہد عزیز،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرلز ایل ڈی اے سمےعہ سلیم اورذیشان شبیر رانا ‘چیف ٹاﺅن پلانر سید ندیم اختر زیدی ‘چیف میٹرو پولیٹن پلانر وحید احمد بٹ‘چیف انجینئر ٹیپامظہر حسین خان اور صوبائی محکمہ ہاﺅسنگ‘ منصوبہ بندی ، بلدیات اور خزانہ اور کمشنر لاہور ڈویژن کے نمائندوں نے شرکت کی-


اجلاس کے دوران پونے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے سدرن بائی پاس Kبلاک جوہر ٹاﺅن سے علی ٹاﺅن رائے ونڈ روڈ تک شان بھٹی روڈ کی کارپٹنگ کرنے ‘ اللہ ہو چوک جوہر ٹاﺅن میں ٹریفک کا دباﺅ کم کرنے کے لئے پانچ کروڑ 40لاکھ روپے کے خرچ سے جگاور چوک خیابانِ فردوسی سے جٹ چوک جوہر ٹاﺅن تک برکت علی روڈ کو دورویہ کرنے اور جوہر ٹاﺅن ‘ گلبرگ اور علامہ اقبال ٹاﺅن کی اندرونی سڑکوں کی مرمت و بہتری کے لئے آٹھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی منظوری دی گئی - اس کے علاوہ ایوبیہ مارکیٹ نیو مسلم ٹاﺅن میں واسا کی طرف سے واٹر سپلائی اور سیوریج وغیرہ کی سکیمیں مکمل کرنے کے لئے اکھاڑی گئی سڑکوں کی مرمت کے لئے دو کروڑ90لاکھ روپے کے نظر ثانی شدہ تخمینے کی منظوری دی گئی -گورننگ باڈی نے 58ہزار234کنال پر مشتمل شہر کی سب سے بڑی رہائشی سکیم ایل ڈی اے سٹی کے تفصیلی لے آﺅٹ پلان کی منظوری دے دی ۔

ای پیپر-دی نیشن