بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری، مزید 3 واقعات
نئی دہلی+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے 5 واقعات ہوئے۔ پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کے 3 واقعات 19 مارچ کو ہوئے۔ پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ 7 مارچ کو شروع ہوا۔ نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکار کی گاڑی اڑھائی گھنٹے تک روکی گئی۔ اس سے قبل بھی بھارتی ایجنسیاں ایسی اوچھی حرکتیں کر چکی ہیں۔ پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا تھا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا تھا۔ ہراساں کرنے کے واقعات پاکستان کی جانب سے تعلقات میں بہتری کے اقدام کے اگلے روز ہی شروع ہو گئے تھے۔ پاکستان نے خواتین، بچوں اور بوڑھے قیدیوں کی مشکلات کم کرنے کی تجویز دی تھی۔ اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت کو مشورہ دیا ہے وہ جنگی ماحول نہ پیدا کرے اور دھمکی آمیز رویہ ترک کرے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ”ٹوئیٹر“ پیغام میں کہا پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے تاہم کسی احمقانہ بھارتی عمل کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارت کی طرف سے مزید فوجی طاقت جمع کرنے کی اطلاعات ہیں۔