• news

پاک فضائیہ کے سربراہ کی وزیراعظم، وزیر دفاع، آرمی چیف سے ملاقاتیں

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک فضائےہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم سمیت سول اور عسکری قائدین سے ملاقاتین کیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے پیشہ وارانہ امور زیر بحث آئے۔ وزیر اعظم نے ائیر چیف کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہرکی کہ پاک فضائیہ ان کی پیشہ وارانہ قابلیت اور قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔ ائیر چیف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ ملکی فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ائیر چیف نے وزیر دفاع انجنئیر خرم دستگیر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اور ائر چیف نے سٹریٹجک اور سلامتی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر گفتگو کی۔ وزیر دفاع نے فضائیہ کی خودمختاری، جدت اور ہر طرح کے تربیتی آپریشنز میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ائر چیف نے وزیر دفاع کو آگاہ کیا کہ پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر دم تیار ہے۔ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے جنرل زبیر محمود حیات چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرزمیں ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کے موقع پر ہیڈکوارٹرز آمد پر ائیر چیف کو پاک آرمی کے ایک چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ ائیر چیف نے یاد گار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ آرمی چیف نے ائیر چیف کو پاک فضائیہ کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستانی افواج کے درمیان تعاون کو مزید بہتر کرنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے مادر طن کے دفاع کو ناقابل ِ تسخیر بنانے کے لیے ملکی افواج کے درمیان ہم آہنگی اور یگانگت کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن