گوجرانوالہ کے پہلوان بھی میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچے
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ کے پہلوان بھی کرکٹ کے دیوانے نکلے، جو کوئٹہ گلیڈئٹر ارو پشاور زلمی کا معرکہ دیکھنے کے لیے لاہور آئے۔ شہر گوجرانوالہ کے پہلوان اپنے روایتی لباس میں سج دھج کر تیار ہوئے ، سروں پر رنگ برنگی پگڑیاں، چمکیلے شوخ رنگوں کے ملبوسات اور نوکدار کھسے پہن کر جناح سٹیڈیم پہنچے ، جہاں پر انہوں نے کرکٹ کے حق میں نعرے لگائے ۔ بڑی تعداد میں اکٹھے ہونیوالے پہلوانوں کا کرکٹ کے حوالے سے ذوق وشوق دیدنی تھا ، جو اپنی پرائیویٹ گاڑیوں میں سوار ہو کر لاہور قذافی سٹیڈیم کے لیے روانہ ہوئے اور میچ دیکھا۔پہلوانوں کا کہنا تھا کہ پہلوانی کرنا ان کا خاندانی ورثہ ہے لیکن کرکٹ کھیلنا اور اسکو دیکھنا ان کا مشغلہ ہے۔ وہ لاہور قذافی سٹیڈیم میںمیچ سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ کھیل چاہے کشتی کا ہو یا کرکٹ کا اور چاہئے تو فٹ بال یا ہاکی یقینا صحت مند سرگرمیوں میں شامل ہوتا ہے ، پاکستان میں اگر پلے گرائونڈز آباد ہونگی تب ہی اکھاڑے آباد ہونگے ، اس لئے تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ روانگی سے قبل پہلوانوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔