کال سنٹرز‘ امریکی کانگرس میں ایک نیا بل متعارف کرا د یا گیا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) امریکی کانگریس میں ایک نئے بل کو متعارف کیا گیا ہے جس کی زد میں بھارت سمیت کئی ممالک میں‘ وہ کال سنٹرز جو امریکی صارفین کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں آ سکتے ہیں۔ بل کو اوہائیو ریاست سے تعلق رکھنے والے سینیٹر شیراڈ براؤن نے متعارف کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کام کرنے والے کال سنٹرز کو اپنی جگہ کی شناخت لازماً کرانا ہو گی۔بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کی فہرست بھی جاری کرنا لازمی ہو گی جنہوں نے اپنے کال سنٹرز بیرون ملک آؤٹ سورس کئے ہیں اور ایسی کمپنیوں کی فہرست عوام کو بتانا ہو گی جس کے کال سنٹر امریکہ میں کام کرتے ہیں۔ بل میں یہ بھی لازمی قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے کہ بیرون ملک کام کرنے والے کال سنٹر کو اپنی کال لازماً اس ایجنٹ کو منتقل کرنا ہو گی جو امریکہ میں موجود ہو۔ امریکہ کی کمپنیوں نے اپنی کالوں کے لئے بھارت اور امریکہ میں کال سنٹر بنائے ہیں۔ مذکورہ بل کے منظور ہونے کے بعد بھارت میں موجود امریکہ کے لئے خدمات انجام دینے والے کال سنٹروں سے وابستہ ہزاروں افراد فارغ ہو جائیں گے۔