کم ترقی یافتہ ممالک سے تعاون توسیع پسندی نہیں: چینی وزیر اعظم
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ آئی این پی) چین پرامن ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا۔ یہ بات چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے گزشتہ روز بیجنگ میں ایک کانفرنس میں بتائی۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین کے کم ترقی یافتہ ممالک سے تعاون کو توسیع پسندی قرار دینا غلط ہے۔ چین کم ترقی یافتہ اور پسماندہ ملکوں کے ساتھ معاشی تعاون جاری رکھے گا۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ دوسرے ملکوں کو چین جو امداد دے رہا ہے اس کے ساتھ کوئی سیاسی شرائط وابستہ نہیں کی جاتیں۔ چینی وزیراعظم نے واضح کیا کہ چین ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کے جس منصوبے پر کام کر رہا ہے اس کا تمام ممالک کو فائدہ ہو گا۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ پرامن ماحول بین الاقوامی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ دریں اثناء سی آر آئی کے مطابق لی کی چیانگ نے بیجنگ میں چینی اور غیرملکی نامہ نگاروں سے ملاقات کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں میں چین کی اقتصادی و سماجی ترقی کا چینی حکومت کی کھلی پالیسی سے قریبی تعلق ہے۔ کھلی پالیسی چین کی بنیادی قومی پالیسی ہے۔ چین آزادانہ تجارت کی حمایت کرتارہے گا اور دنیا کے لئے چین کا دروازہ کھولتا رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی حکومت درآمد شدہ مصنوعات پر عائد ٹیرف کو مزید کم کر دے گی۔ کینسر کے علاج والی ادویات پر عائد ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کیا جائیگا ۔بزرگوں کی دیکھ بھال ، طب و صحت، تعلیم اور مالیات سمیت دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ لی کی چیانگ نے اس بات پر زور دیا کہ چینی حکومت چینی اور غیرملکی صنعتی و کاروباری اداروں کے لئے شفاف اور مساویانہ مارکیٹ کے قیام کو فروغ دیتی رہی ہے اور متعلقہ سروس کے معیار کو مسلسل بلند کیا جائے گا۔