وفاقی کابینہ : ای سی ایل سے متعلق قواعد و ضوابط بنانے کیلئے کمیٹی قائم‘ پہلی قومی فوڈ سیکورٹی پالیسی منظور
اسلا م آباد(نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں لوگوں کے نام ڈالنے اور نکالنے کا فیصلہ کرنے کے لیے3رکنی کابینہ کمیٹی قائم کردی۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔کمیٹی کی سربراہی وزیرِ قانون و انصاف محمود بشیر ورک کریں گے جبکہ دیگر ارکان میں وفاقی وزیر برائے اسٹیٹس اینڈ فرنٹیئر ریجنزعبدالقادر بلوچ اور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ خان شامل ہیں۔کمیٹی ای سی ایل میں لوگوں کے نام ڈالنے یا نکالنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط بنانے کے لیے تجاویز پیش کرے گی جس کا وفاقی کابینہ جائزہ لینے کے بعد منظوری دے گی۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے 23 مارچ کو اسلام آباد میں موبائل فون سروس معطل رکھنے اور گہرے سمندر میں مچھلی شکار کے لائسنس کے اجرا کی قومی پالیسی منظور کر لی۔ اجلاس میں ملک کی پہلی قومی فوڈ سکیورٹی پالیسی کی بھی منظوری دیدی گئی۔ مختلف ملکوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے راولپنڈی اور لاہور میں خصوصی عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں سی پیک پر وفاقی کابینہ کی کمیٹی کی سفارشات پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے سی پیک منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور آرمی ایکٹ کے تحت ملزموں کےخلاف مقدمات کے ٹرائل کی منظوری دیدی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں افغان سفیر عمرزخیلوال نے ملاقات کی۔ افغانستان میں پائیدار امن کے قیام اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا اس موقع پر وزیر اعظم نے کابل میں ہونیوالے خود کش حملے کی شدید مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام دکھ کی گھڑی میں افغانستان کے ساتھ ہیں وزیر اعظم نے کہا کہ پاک افغان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون اہم ہے ادارہ جاتی تعاون اور اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مواصلاتی رابطوں کو مضبوط کیا جائے تاپی اور کاسا 1000منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ افغان سفیر نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے عمرزخیلوال نے یہ بھی کہا کہ افغان قیادت پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں با معنی تعاون کی خواہاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق کابینہ اجلاس میں شریف فیملی سمیت 13 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکا۔
کابینہ