شہبازشریف نے ساڑھے چھ ہزار ارب خرچ کئے‘ ڈھنگ کا ہسپتال نہ بنایا انتخابات میں پنجاب کو شریفوں سے آزاد کرائیں گے : عمران
گوجرانوالہ + کامونکی+ لدھیوالا وڑائچ+ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار+ حسیب پندھیر+ نصر پندھیر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ 2018 کا الیکشن قوم کے مستقبل کا الیکشن ہے‘کارکنوں کے جنون سے واضح ہوگیا کہ آنےوالا الیکشن نئے پاکستان کا آغاز ہوگا، 2018 کی سیاست کا ورلڈ کپ بھی جیت کر دکھا¶ں گا اور پنجاب کو شریفوں سے آزاد کرائیں گے۔ شریف خاندان کے ساتھ ان کے حواریوں خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی‘ خواجہ آصف نے پانی وبجلی اور اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ سے پیسہ بنایا ‘ میں ملک کی لوٹی دولت واپس لاﺅں گا اور اسے پلوں جنگلہ بسوں پر خرچ کرنے کی بجائے انسانوں کی فلاح و بہبود کے حقیقی کاموں میں لگاﺅں گا‘ پنجاب کا آدھا بجٹ لاہور پر خرچ کیا جاتا ہے جبکہ دوسرے شہروں کا برا حال ہے‘ گوجرانوالہ میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر ہیں اور یہاں کا ہر تیسرا فرد ہیپاٹائٹس کا شکار ہے‘ پنجاب کے حاکم شہباز شریف نے چھ سالوں میں 6 ہزار ارب روپے خرچ کئے لیکن وہ کوئی ایک بھی ڈھنگ کا ہسپتال نہ بنا سکے، جس میں ان کا اور شریف فیملی کاعلاج ہوسکے یہ علاج کے لئے خود تو انگلینڈ چلے جاتے ہیں لیکن کیا پاکستان کے غریب عوام‘ مائیں بہنیں علاج کےلئے لندن جائیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے کے ذمہ دار نواز شریف اور اسحاق ڈار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گوجرانوالہ کے دوران مختلف جگہوں پر لگائے گئے ممبر سازی کیمپوں اور لدھیوالہ وڑائچ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ شریفوں کے سارے میگا پراجیکٹس کرپشن کےلئے بنائے جاتے ہیں لیکن آپ کے قائد عمران خان کو کسی چیز کی ضرورت نہیں، آپ کو نئے پاکستان کی ضرورت ہے‘ دس کروڑ پاکستانی بیس سال کی عمر سے کم ہیں‘ ان پاکستانیوں کو تعلیم اور نوکریاں چاہیئں، نوجوانوں کو ایسا ہرا پاسپورٹ چاہئے جس کی دنیا عزت کرے‘ جو قوم بھیک مانگتی ہے اس کی عزت نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ زرداری، نواز شریف اور ڈرامہ شریف نے لوٹ مار کرکے قوم کو مقروض کردیا‘ پاکستان میں بجلی اور گیس جنوبی ایشیا میں سب سے مہنگی ہے‘ شریف برادران، ان کا منشی اور بچے لوٹ مار کرکے ارب پتی بن گئے، نوازشریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، شہباز شریف ٹوپی پہن کر ہندوستانی فلموں کا ولن لگتا ہے۔ نوازشریف کو قائد اعظم سے ملاتے ہوئے شرم آنی چاہئیے‘ ہم اقتدار میں آ کر ملک کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے‘ نیب کو اتناطاقتور کریں گے کہ نہ وہ اپنے کو اور نہ کسی دوسرے کو کرپشن پر بخشے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں فتح کا جشن گوجرانوالہ منانے آﺅں گا،30 سال سے پنجاب میں یہ لوگ باریاں لے رہے ہیں، شہباز شریف نے پنجاب پولیس سے لوگوں کو قتل کرایا اور اب پولیس والوں کوڈاکیا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوب خان کے دور میں اصل پاکستان تھا جبکہ زرداری اور نواز دونوں کی لوٹ مار کی وجہ سے ہر پاکستانی ایک لاکھ تیس ہزار کا مقروض ہوچکا ہے‘ یورپ میں بیروزگاروں کو ریاست خرچہ دیتی ہے اور سکولوں میں مفت تعلیم دی جاتی ہے‘نبی کریم کی ریاست میں انصاف کا قانون تھا‘ کرپشن پکڑے جانے پر: باپ اور بیٹی پورے پاکستان میں کہتے پھر رہے ہیں ہمیں کیوں نکالا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دیوالیہ زرداری اور نواز شریف نے نکالا ہے۔ جنرل ضیاءکی باقیات نواز شریف کی ایک فیکٹری سے تیس فیکٹریاں بن گئیں، جلسہ سے ایم این اے میاں طارق اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ عمران خان کا گوجرانوالہ آمد پر مقامی قائدےن چوہدری صدیق‘ ایس اے حمید‘ چوہدری طارق گجر‘ چوہدری سعید گجر‘ رانا نعیم الرحمن‘رانا فیصل رﺅف نے شاندار استقبال کےا ، منوں پھولوں کی پتےاں نچھاور کی گئےں ، پی ٹی آئی رہنما علی اشرف مغل نے انہےں پگڑی پہنانے کے ساتھ پہلوانی گرز بھی دےا۔ عمران خان کا لدھیوالہ وڑاےچ جلسہ گاہ پہنچنے پرتپاک استقبال کیاگیا‘ایم این اے میاں طارق نے عمران خان کو چالیس تولہ وزنی سونے کا تاج پہنایا جبکہ سابق ایم پی اے میاں مظہر جاویدنے تیس تولے وزنی چاندی کا بیٹ پیش کیا۔پی ٹی آئی چیف عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران سونے کا تاج شوکت خانم کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر ایم این اے میاں طارق نے قو می اسمبلی کی نشست سے ا ستعفی دینے کا اعلان کیا جبکہ میاں طارق اور میاں مظہر کے حامی درجنوں یونین کونسلوںکے چیئرمین‘ وائس چیئرمین اور کونسلرزنے پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان بھی کیا۔عمران خان کی گوجرانوالہ میں مصروفیات زیادہ ہونے کی وجہ سے جلسہ لیٹ ہوگیا اور سات بجے خطاب کی بجائے کپتان کا خطاب رات گیارہ بجے کے بعد شروع ہوا۔
عمران