چیف جسٹس اور انکی فیملی نے بھی میچ دیکھا، آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمنٹری میچ کو دیکھنے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار خصوصی طور پر قذافی سٹیڈیم آئے۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے چیف جسٹس سمیت اہم شخصیات کو میچ دیکھنے کے لیے دعوت دے رکھی تھی۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز چیف جسٹس ثاقب نثار نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، سابق چیئرمین خالد محمود اور ایڈوائزر ٹو چیئرمین شکیل شیخ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی آمد پر سٹیڈیم کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار آج جمعرات کو لاہور رجسٹری میں اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اس مقصد کیلئے ترمیمی روسٹر جاری کر دیا گیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کے سامنے پارک کی جگہ پر سڑک بنانے کے خلاف معاملے کی سماعت ہو گی۔ اس کے علاوہ فل بنچ کے رو برو جعلی پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مدثر از خود نوٹس اور سندھ پولیس میں پولیس افسروں کی آﺅٹ آف ٹرن پروموشن کے معاملات پر سماعت ہوگی۔
چیف جسٹس/سماعت