پی ایس ایل : پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے پچھاڑ دیا فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکراﺅ ہو گا
لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندہ سپورٹس) دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 13 رنز سے پچھاڑ کر پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ فائنل میں پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکراﺅ ہو گا۔ کامران اکمل کی دھواں دھار بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ پشاور زلمی ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 16 اوورز کے کھیل میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز سکور کیے جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم 157 تک محدود رہی جبکہ اس کے صرف دو کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمنیٹری میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے دھواں دھار انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔ کامران اکمل نے 17 گیندوں پر پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ان کے ساتھی کھلاڑی فلیچر بھی جارحانہ موڈ میں دکھائی دیئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 50 رنز چار عشاریہ پانچ اوورز میں بنائے جبکہ 8.2 اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے ٹیم کے 100 رنز مکمل کیے۔ پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 107 کے سکور پر گری جب کراچی کنگز کے روی بوپارہ نے فیلچر کو 34 کے انفرادی سکور پر ڈینلی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ پشاور زلمی کو دوسرا نقصان 120 کے سکور پر اس وقت برداشت کرنا پڑا جب کامران اکمل 77 کے انفرادی سکور پر روی بوپارہ کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مختار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 137 کے ٹوٹل پر پشاور ٹیم کی تیسری وکٹ محمد حفیظ کی گری جنہیں 13 کے سکور پر بوپارہ نے کیچ اینڈ بولڈ آوٹ کیا۔ حفیظ نے 8 گیندوں کا سامنا کیا جس میں انہوں نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ پشاور زلمی کی پہلی تینوں وکٹیں روی بوپارہ کے حصے میں آئیں۔ پشاور زلمی کا سکور 150 پر پہنچا تو اس موقع پر لائم ڈاسن 13 کے سکور پر عثمان شنواری کی گیند پر کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 169 کے ٹوٹل پر پشاور زلمی کو اوپر تلے تین کھلاڑیوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ جب کپتان ڈیرن سیمی 23 رنز بنا کر ملز کی گیند پر ڈینلی کے ہاتھوں باونڈری لائن پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اگلی بال پر سعد نسیم 2 کے انفرادی سکور پر رن آوٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض بھی بغیر کوئی رن بنائے ملز کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے باولنگ میں روی بوپارہ نے 35 رنز دیکر تین، ملز نے 23 رنز دیکر دو جبکہ کراچی کے سب سے مہنگے باولر عثمان شنواری نے 48 رنز دیکر صرف ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 171 رنز کے ہدف میں کراچی کنگز ٹیم کے اوپنرز نے بھی جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی تاہم 13 کے سکور پر اسے پہلا نقصان مختار احمد کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب سمین گل نے انہیں سلپ میں کھڑے ڈیرن سیمی کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھا دی۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور ڈینلی کے درمیان 117 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 130 کے ٹوٹل پر اس وقت ہوا جب بابر اعظم 63 کے انفرادی سکور پر حسن علی کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ڈاسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ مقررہ 16 اوورز کے خاتمے پر کراچی کنگز کی ٹیم 2 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی۔ ڈینلی 46 گیندوں پر 9 چکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنا کر اپنے ساتھی کھلاڑی انگرام کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور سمین گل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ کامران اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر +سٹاف رپورٹر) مارچ میں پاکستان کرکٹ کا مارچ، 2108ءکے تیسرے مہینے میں ملک میں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے سلسلہ میں تاریخی قذافی سٹیڈیم میں موسلادھار بارش میں ملک میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد نے ملک دشمن اور امن مخالف طاقتوں کو شکست دینے کا جذبہ اور بھی بڑھا دیا۔ موسلادھار بارش بھی لاہوریوں کے جذبے کو ٹھنڈا کرنے میں ناکام رہی۔ دونوں میچوں میں ہاﺅس فل تھا۔ سٹیڈیم کے داخلی راستوں پر پرچم رنگ کرنیوالے، جھنڈے فروخت کرنیوالے شائقین کے جذبات کو گرما رہے تھے۔ قذافی سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا، لوگوں کو کئی کلو میٹر پیدل بھی چلنا پڑا لیکن وہ بیزاری اور تھکاوٹ کے بجائے زیادہ جوش اور جذبے سے سٹیڈیم تک آئے۔ سکیورٹی کے پہلے سے بھی سخت انتظامات تھے۔ فوج، رینجرز اور پنجاب پولیس کے جوان چاق و چوبند نظر آ رہے تھے۔ شائقین کرکٹ سمیت میڈیا کے نمائندوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیسرے پلے آف میچ میں کراچی کنگز میں شامل آل راﺅنڈر شاہد آفریدی فٹنس مسائل کی وجہ سے شریک نہ ہو سکے۔ موسلادھار بارش کے بعد سٹیڈیم میں کھڑے ہونے والے پانی کو گراﺅنڈ سٹاف سمیت پنجاب حکومت اور آرمی کے ہیلی کاپٹرز، مشینوں اور ہاتھوں کے ذریعے خشک کیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹے کی سخت محنت سے گراﺅنڈ کے اندر کھڑے پانی کو خشک کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور آرمی کے ہیلی کاپٹرز کو باری باری میدان میں لایا گیا۔ جیسے ہی ہیلی کاپٹر میدان سے باہر گئے تو دونوں ٹیموں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے کھلاڑی میدان میں پریکٹس کے لیے آ گئے۔ پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گراﺅنڈ خشک کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کئے گئے۔ شدید بارش کے باوجود لاہوریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہونا شروع ہو گئی ہے جس کے مستقبل میں اچھے نتائج سامنے آنے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ٹیموں کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باوجود بھی شائقین کی بڑی تعداد پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لاہور میں کھیلے جانے والے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کا میچ دیکھنے کے لئے تین گھنٹے قبل ہی سٹیڈیم میں پہنچ گئے شائقین کا جوش اور جذبہ دیدنی تھا۔ گراﺅنڈ میں موجود شائقین اپنے موبائل کی ٹارچ کو روشن کرکے ویوز کرتے رہے۔ بارش کی وجہ سے گراونڈ کی تیاری کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹری میچ کا ٹاس کراچی کنگز کے کپتان محمد عامر نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے اس میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی تمیم اقبال جو پہلے ایلیمینیٹری میچ کے بعد واپس چلے گئے تھے ان کی جگہ کرس جورڈن کو زلمی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔ دوسرے روز بھی قذافی سٹیڈیم کے قریبی علاقوں میں بدترین ٹریفک جام رہا۔ شہریوں کیساتھ ساتھ مریضوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ برکت مارکیٹ کے علاقہ میں حاملہ خاتون سڑک پر تڑپتی رہی جس پر وہاں موجود وارڈن نے اسے رکشہ میں سوار کرکے متبادل راستے سے بھجوایا جبکہ کنال روڈ پر موجود انڈر پاسز میں بھی ٹریفک کا شدید دباﺅ رہا۔ میچ کے شروع ہونے سے قبل ہی سٹی ٹریفک پولیس نے قذافی سٹیڈیم کو جانے والے تمام راستے پر ٹریفک کو بند کر دیا۔ سٹیڈیم کو جانے والے تمام راستے بند ہوتے ہی شہری ٹریفک میں بری طرح پھنس گئے۔ جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ، وحدت روڈ، مسلم ٹاﺅن، اقبال ٹاﺅن، کیمپس، فیصل ٹاﺅن اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر گاڑیوں، بسوں، ویگنوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں جس کی وجہ سے شہری خوار ہوتے رہے۔ پی ایس ایل میچ کے اختتام پر دونوں ٹیمیں مقامی ہوٹل پہنچ گئیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ پی ایس ایل میچوں میں بہترین سکیورٹی انتظامات پر سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس نے لاہور پولیس کو مبارکباد دی ہے۔ کراچی میں پی ایس ایل کے فائنل میں موبائل فون سروس بند نہیں ہو گی۔
کرکٹ