سپریم کورٹ نے نیشنل پارک اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم‘ ہوٹل کی تعمیر روکدی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے نیشنل پارک اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل کی مجوزہ تعمیرات کے منصوبہ کے خلاف دائر کی گئی آئینی درخواست کی سماعت کے دوران تعمیرات پر تاحکم ثانی حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ تین رکنی بنچ نے درخواست گزار روئیداد خان کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ نیشنل پارک میں کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو سٹار ہوٹل تعمیر کیا جا رہا ہے، جوکہ ماسٹر پلان اور سی ڈی اے کے قواعد کی سراسر خلاف ورزی ہے۔