دنیا میں مثبت تبدیلی کیلئے تمام مذاہب کو مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے: خلیل سندھو
لاہور (خصوصی نامہ نگار)صو بائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ ہر مذہب انسانیت کی تعلیم دیتا ہے اور تمام مذاہب کے پیروکاروں کو دنیا بھر میں لوگوں کے رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے اجتماعی کوشش کرنا ہوگی تاکہ دنیا بھر میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پاکستان میں کوریا کے تعاون سے جبری شادیوں کی روک تھام اور امن کا سفر جاری رکھنے کے حوالے سے ایک تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کا اہتمام کورین آرگنائزیشن ایچ ڈبلیو پی ایل نے فیسز آف پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک مقامی ہوٹل میں کیا تھا۔ تقریب میں حال ہی میں قائم ہونیوالی بین المذاہب مشاروتی کمیشن کے تمام ممبران، مختلف یونیورسٹیز کے طلباء اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب میں شامل تمام شرکاء نے دنیا بھر میں امن قائم کرنے اوربالخصوص جبری شادیوں کی روک تھام کے حوالے سے اپنے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ جبر وہی کرتے ہیں جو اپنے مذہب سے نا آشنا ہوتے ہیں کیونکہ دین اسلام سمیت کسی بھی مذہب میں جبر کا وجود نہیں ہے اور ہم سب کو ملکر معاشرے میں سے عدم برادشت کے کلچر کا خاتمہ یقینی بنانا ہوگا۔