ڈالر مزید 26 پیسے مہنگا، قیمت بڑھانے کا فیصلہ حالات دیکھ کر خود کیا: مفتاح اسماعیل: زر مبادلہ ذخائر میں کمی
لاہور (کامرس رپورٹر) روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا اور انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید 26 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں جمعرات کے روز ستر پیسے تک کا اضافہ دیکھا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 26 پیسے کے اضافے سے 115 روپے 40 پیسے رہی جبکہ روپے کے مقابلے میں یورو 1 روپے 11 پیسے مہنگا ہو کر 142 روپے 46 پیسے اور برطانوی پونڈ 2 روپے 2 پیسے کے اضافے سے 163 روپے 47 پیسے کا ہو گیا، جاپانی ین کی قیمت ایک پیسے کے اضافے سے ایک روپیہ نو پیسے اور چینی یوآن 6 پیسے کے اضافے سے 18 روپے 24 پیسے کا ہو گیا تین روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 70پیسے اضافہ ہو گیا اور اسکا ریٹ 116.50 روپے سے بڑھ کر 117.20 روپے ہوگیا ہے۔ زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 16 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی کمی سے 18 ارب 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت 115 روپے پر لے جانے کا فیصلہ حالات دیکھ کر خود کیا مگر اگلے 6، 8 مہینوں تک روپے کی قدر میں مزید کمی کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ ایک انٹرویومیں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے کسی پروگرام میں نہیں جا رہے۔