• news

احتساب عدالت کا فیصلہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ شب خون کی ہر کوشش پر جمہوریت مضبوط ہوئی: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شریف خاندان سے احتساب کے نام پر انتقام لیا جارہا ہے۔ کلثوم نواز کی عیادت کی اجازت نہ دینا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں کلثوم نواز کی حالیہ میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی لیکن رپورٹ کو دیکھ کر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضروری نہیں پورا خاندان لندن جائے‘ ایسی بات کرنا شرمناک اور غیراخلاقی ہے۔ کلثوم نواز سے بھی انتقام لیا جارہا ہے۔ قبل ازیں یوم پاکستان سے متعلق ایک تقریب میں وزیر مملکت نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں قائد اعظم اور علامہ اقبال کی یاد دلاتا ہے ۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اپنی ہر تقریر میں تعلیم پر زور دیا ہے۔ ملک میں جب بھی شب خون مارنے کی کوشش کی گئی جمہوریت کو مزید تقویت ملی ۔ وہ دن دور نہیں جب ہمارا پیارا ملک پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں شامل ہو گا اور حقیقت میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنے گا ۔

ای پیپر-دی نیشن