پاکستان نااہل حکمران کی وجہ سے ہی معاشی بحران سے دوچار ہے: ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان معاشی بحران سے دوچار ہے، کرپشن کے خاتمے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے عدلیہ فیصلہ کن کردار ادا کرے، کرپشن کے خاتمے، آئین و قانون کی حکمرانی اور نظام کی اصلاح کیلئے قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔ اللہ نے کرپشن، نااہلوں سے نجات کیلئے نادر موقع دیا، قوم فائدہ اٹھائے۔ وہ گزشتہ روز 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے، طاہرالقادری نے کہا کہ قیادت ہی ملک اور قوم کو اوپر اٹھاتی اور ’’بھٹہ ‘‘بٹھاتی ہے، قیام پاکستان کے وقت قوم کے پاس اوپر اٹھانے والی ایماندار پرعزم قیادت تھی آج کرپٹ ،بے ایمان اور بھٹہ بٹھانے والے سیاسی ایوانوں پر مسلط ہیں۔ اس نظام میں اداروں کی بجائے افراد کو مضبوط ہونے کے مواقع ملے،کرپٹ ایلیٹ نے آئین کو موم کی ناک کی طرح مرضی کے زاویوں پر موڑا، سیاسی، جمہوری اخلاقیات کا تمسخر اڑایا،ذات کیلئے قانون بدلے گئے اداروں کی تضحیک کی گئی، چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو ناکارہ بنایا گیا نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ کرپٹ عناصر آج مذموم مقاصد کیلئے اداروں کو بلیک میل کررہے ہیں، 23 مارچ 1940 ء کے دن لاکھوں اسلامیان برصغیر نے ایسے آزاد اور خودمختار ملک کا خواب آنکھوں میں سجایا تھا جس کی تعبیر وہ انصاف،روزگار، عزت نفس اور سیاسی،سماجی، معاشی مساوات کی فراہمی کی شکل میں دیکھ رہے تھے مگر چند لٹیرے خاندانوں اور ان کی نالائق اولادوں نے ان کے خواب اچک لئے، پاکستان عوامی تحریک 90 ء کی دہائی سے جدوجہد کررہی ہے کہ یہ ظالم نظام رہے گا تو ظلم اور ناانصافی بھی رہے گی، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے بڑے مگر مچھوں کی لوٹ مار پرخاموش رہنا ہے یا پاکستان کو 21 ویں صدی کے تقاضوں کے مطابق خوشحال اور مضبوط بنانا ہے۔