جرنیل قبضہ تو کر سکتے ہیں ملک چلا نہیں سکتے: جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کچھ جرنیل ملک پر قبضہ تو کر سکتے ہیں مگر ملک نہیں چلا سکتے، الیکشن ایک دن بھی ملتوی ہوئے تو چالیس سال تک ملک میں جمہوریت نہیں آئے گی، اسی لئے الیکشن وقت پر کرانے ہوں گے۔ نیب کا ادارہ وفاداریاں بدلنے کے لئے بنایا گیا جو آج تک وہی کام کر رہا ہے۔ پرویز مشرف ایک بڑا جرنیل تھا مشرف نے لوگوں کے بچے بیچے، وہ بھارتی اداکارا¶ں کو بلا کر رات رات بھر گانے سنتے تھے، ہم جرنیلوں سے زیادہ محب وطن ہیں، فوج نے پاکستان نہیں بنایا تھا، ہم بوٹوں پر سر جھکا دیں گے مگر جموریت اور سول بالادستی کو جھکنے نہیں دیں گے، عمران خان لیڈر نہیں ہے، شیخ رشید نے کبھی اپنی سیاست نہیں کی۔
اس وقت ملک میں جوڈیشل مارشل لاءلگا ہوا ہے نگران حکومت کے نہ بننے کی پیش گوئی سب سے پہلے میں نے کی تھی۔ آصف زرداری سے جمہوریت کی توقع تھی مگر وہ کسی اور ڈگر پر چل پڑے، اﷲ کرے چیف جسٹس آف پاکستان کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا کہ چیف جسٹس کے نوازشریف سے ایک ایک اختلاف کو جانتا ہوں، آئین کی سب کلاز پانچ کے تحت کوئی جج میڈیا کو انٹرویو نہیں دے سکتا مگر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک صحافی کو انٹرویو دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو اپنی مرضی سے فیصلے کرنے دیں، اقتدار کی خواہش دل سے نکال دیں۔ نگران وزیراعظم نواز‘ زرداری‘ شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کے ہاتھ میں ہے۔ مجھے پنجاب کی جنگ بھی لڑنی ہے اور اس پر لگے الزامات کا دفاع بھی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں این اے 155 ہی سے حصہ لینگے۔
جاوید ہاشمی