پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع‘ خطے کے ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں: صدر ممنون
اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ِمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان شاندار مواقع کی سرزمین ہے جس سے ہمارے دوست ممالک ، خاص طور پر وسط ایشیاکے ممالک سب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے قیام کے بعد وسط ایشیائی ممالک کے لیے پاکستان میں کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہوگئے ہیں۔ سیمینار کے سینئر مندوبین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے آپریشن ضربِ عضب اور رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے ۔جو ان ملکوں کے مشترکہ مفاد میں ہوں گے ۔ صدرِ مملکت نے یہ بات پاکستان ؛ مواقع کی سرزمین کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کے سینئر مندوبین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ ، متعلقہ ممالک کے سفیر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی انتہاپسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے باہمی تجارت اور دیگر تجارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی لیکن حکومتِ پاکستان نے آپریشن ضربِ عضب اور رد الفساد کے ذریعے دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے ۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں امن و امان بہتر ہو رہا ہے اور صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں ۔ صدرِ مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی ساز و سامان سمیت کئی دیگر شعبوں میں انتہائی معیاری مصنوعات تیار کر رہا ہے جو کارکردگی میں اعلی ترین معیار پر پورا اترتی ہیں لیکن قیمت میں عالمی مارکیٹ سے کہیں کم ہیں ۔ وسط ایشیاکے ممالک اس شعبے میں پاکستان کے تجربے اور مصنوعات سے استفادہ کر سکتے ہیں ، اسی طرح دفاع سمیت دیگر کئی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تربیتی اداروں اور دوست ممالک کے نوجوان افسر تربیت حاصل کر سکتے ہیں ۔وفد میں ازبکستان کے سابق نائب وزیراعظم اورچیمبرآف کامرس کے چیئرمین اکراموآدم الہامووچ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کرغیزستان کے بیدولیتوف نورادل ایسن بکووچ، قزاقستان انسٹیٹیوٹ برائے سٹرٹیجک سٹڈیز کے جارجے دبووٹسو، تاجکستان کے سنٹر برائے سٹرٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹرخدابردی خلیق نظر ، ترکمانستان کے نائب وزیر برائے معیشت مردان بیرام دردیوو کے علاوہ جمہوریہ کرغز ، قزاقستان ، ازبکستان ، تاجکستان اور ترکمانستان کے سفیر بھی موجود تھے ۔
صدر ممنون