• news

ارتھ آور آج منایا جائے گا‘ ملک بھر میں رات ساڑھے 8 بجے روشنیاں بجھا دی جائیںگی

اسلام آباد (این این آئی + آئی این پی) ملک بھر میں ارتھ آور (آج) ہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس ضمن میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ تقریب رات ساڑھے 8 بجے پارلیمنٹ ہاﺅس کے پارکنگ ایریا میں گیٹ نمبر ایک پر ہوگی۔ آئی این پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید خطرات کا سامنا ہے۔کثافتوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے پاکستان کی پارلیمنٹ کو مکمل طور شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کے استعمال سے زائد بجلی کو نیٹ میٹرنگ لائسنس کے ذریعے نیشنل گرڈ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ دنیا کو پاکستان کی پارلیمنٹ کو ماحول دوست بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تقلید کرتے ہوئے اپنے ملکوں میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ارتھ آور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات ہماری آنے والی نسلوں کیلئے کرہ ارض کو ماحول دوست بنانے کیلئے سنگ میل ثابت ہونگے۔ عالمی برادری کے ساتھ یکجہتی کیلئے توانائی کے تحفظ‘ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات سے نمٹنے کیلئے آج 24 مارچ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کی تمام روشنیاں رات 8:30 سے 9:30 تک گل کی جائیں گی۔ ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ کثافتوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے پاکستان کی پارلیمنٹ کو مکمل طورپر شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ویژن 2025ءکے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ان کے ماحول پر اثرات کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا آج کے پاکستان کیلئے طویل وقت لیا۔ پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے130 بل منظور کئے۔ صوبوں کو ترقی میں مدد دی۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی اور جیتی۔

ارتھ آور

ای پیپر-دی نیشن