• news

جمہوریت پارلیمنٹ کی مضبوطی آئین کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے : نوازشریف

لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہے،آمریت کے خلاف جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا یوم پاکستان ہماری تاریخ کا تابناک اور ناقابل فراموش دن ہے، آج قرارداد پاکستان کے مقاصد اور ان کے حصول کے لیے جدوجہد کے عزم کا دن ہے۔ آج ہم قائداعظمؒ کے مقصد اور علامہ اقبالؒ کے خواب کو مکمل ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اقتصادی ترقی کی طرف گامزن ہے اور دنیا میں باوقار تشخص کے ساتھ ابھر رہا ہے۔ مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی گئیں۔ قربانیوں کی بدولت دہشت گردی مٹ رہی ہے اور امن کے اجالے پھیل رہے ہیں، ہم اپنے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی جمہوری نظام کے تسلسل اور ووٹ کے تقدس میں پنہاں ہے، پاکستان پرعزم جمہوری جدوجہد اور ووٹ کی طاقت سے دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ جمہوریت، پارلیمان کی مضبوطی اور آئین وقانون کی حکمرانی ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ آمریت کے خلاف جمہوریت کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ جاتی امراءمیں محفل میلاد النبی منعقد ہوئی جس میں نواز شریف ،عزیز واقارب سمیت کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر حمد و ثنا کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں جبکہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں نواز شریف نے نماز جمعہ بھی کارکنوں کے ہمراہ ادا کی۔
نوازشریف

ای پیپر-دی نیشن