• news

ووٹ کی قدر ہے‘ انتخابات منصفانہ ہونگے ‘ جوڈیشل مارشل لا کی گنجائش نہیں صرف جمہوریت چلے گی : چیف جسٹس

لاہور(وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ووٹ کی قدر اور عزت ہے۔جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔میرے ہوتے اندر اور باہر سے مارشل لاءنہیں آئے گا۔جوڈیشل مارشل لاءجیسی کسی چیز کی آئین میں قطعی گنجائش نہیں۔چیف جسٹس نے کیتھڈرل سکول میں یوم پاکستان کی تقریب کے موقع پر طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا میں نے اور ساتھی ججز نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے۔جو بھی حکومت آئے آئین کے تحت کام کرے۔ ملک میں ایک ہی طرز حکومت ہے اور وہ جمہوریت ،جمہوریت اور صرف جمہوریت ہے۔ ملک میں صرف جمہوریت چلے گی۔ میںوا ضح کرنا چاہتا ہوں ملک میں مارشل لاءکی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کا آئین لکھا ہوا ہے۔ملک نے آئین کے تحت ہی چلنا ہے۔کسی ماورائے آئین اقدام کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں ضرورت ہے کہ انصاف ہو اور ہوتا ہوا دکھائی دے۔کسی کو زعم نہیں رہنا چاہئیے کہ امیر اور غریب کے لئے الگ انصاف ہو گا۔ منصف کا کردارنڈر بے باک اور کسی دباﺅ کے بغیر قانون کے تابع انصاف فراہم کرنا ہے۔انصاف کی فراہمی ملکی ترقی اور معاشرے کی مضبوطی کے لئے لازم ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دعا کریں کہ اللہ ہمیں عمر خطاب ثانی سے نوازیں۔ہمیں ایسی قیادت میسر آئے جو اچھی ساکھ کا مالک ہو۔ پاکستان کی اقلیتیں عدلیہ کی جان ہیں۔اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم آزاد ہیں۔قائد اعظم اور علامہ علامہ جیسی ہستیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔اگر یہ ہستیاں نہ ہوتیں تو شاید ہم آزادی جیسی نعمت سے محروم رہتے۔چیف جسٹس نے کہا کہ محکومی اور آزادی سے محرومی بہت بڑی ذلت ہے۔ہمیں مل کر ملکی آزادی کا تحفظ کرنا ہو گا۔آزادی کا تحفظ اصولوں اور جدوجہد سے ہوتا ہے زبانی لفظوں سے نہیں ہوتا۔کسی بھی ملک کی تعمیر وترقی تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔دنیا کی ترقی یافتہ قومیں تعلیم کے ذریعے ہی بام و عروج پر پہنچیں۔تعلیم و تربیت یکجا ہو جائیں تو پھر اللہ کا فضل ہوتا ہے اور ملک ترقی کرتا ہے۔ دنیا میں سب سے بڑی نعمت زندگی ہے۔ زندگی کا مقصد پیدا ہو کر مرنا نہیں بلکہ معاشرے کے لئے کچھ کرنا ہے۔انہوں نے کہا اچھے حکمران آنے سے ملک کی تقدیر بدلتی ہے،انہوں نے کہا آج کے دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہئے اور اپنی سگی ماں سے بڑھ کر اس ملک کی عزت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن صرف آپ سے ایک قربانی مانگ رہا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کریں کیونکہ جو قومیں تعلیم حاصل نہیں کرتیں وہ پیچھے رہ جاتی ہیں۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ 'ملک کی ترقی کے لئے اہم ترین عنصر لیڈر شپ ہے اور ملک کی ترقی کا اہم جزو قانون کی حکمرانی، آزاد عدلیہ اور لوگوں کو بلاتفریق انصاف فراہم کرنا ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں ہر قربانی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 'ایک قوم بن کر آزادی کا تحفظ ہوسکتا ہے اور ہمیں ایک قوم بن کر دکھانا ہے۔منصف کے لئے بلاتفریق انصاف کرنا ضروری ہے۔ ملک میں منصفانہ انتخابات ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن