• news

نوازشریف کو پیشکش کی پاناما بل پارلیمنٹ سے پاس کرا لیں اپنی داڑھی کسی کے ہاتھ نہ دیں : خورشید شاہ

لاہور (خبر نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کیلئے نواز شریف سے نہیں بلکہ وزیراعظم سے بات ہو گی ، اپوزیشن رہنماﺅں سے رابطے کئے ہیں اور وہ اپنی جماعتوں میں بات کر کے نام دینگے، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے معاملے پر نواز شریف سے کسی طرح کی بات ہی نہیں ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے ا ن سے کب رابطہ یا وعدہ کیا تھا کہ ووٹ دیں گے۔ ان کے اپنے لوگوں نے دھوکہ دیا۔ سابق وزیراعظم شریف آدمی ہیں انہیں معلوم ہی نہیں کہ کونسا قانون ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میاں صاحب کی حالت پر رحم کرے۔ شیری رحمان تجربہ کار پارلیمنٹرین ہیں وہ پڑھی لکھی خاتون ہیں اور سینٹ میں بطور قائد حزب اختلاف بہترین کردار ادا کریں گی۔ نوازشریف کے اس سوال کہ نگران سیٹ اپ کیلئے پیپلزپارٹی سے بات نہیں ہو گی کے جواب میں کہا کہ ہم نے کب کہا کہ ان سے بات ہو گی۔ وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشاورت کرنی ہے اور پھر وہ اپنی جماعتوں کوا س سے آگاہ کرتے ہیں۔ میاں صاحب آج کل بوکھلائے ہوئے ہیں۔ نگران وزیراعظم کیلئے کسی پارٹی سے نہیں بلکہ اپنی پارٹی سے مشاورت ہوتی ہے۔ نواز شریف کو پارلیمنٹ سے پانامہ بل پاس کرانے کی پیش کش کی تھی۔ انہیں سمجھایا تھا اپنی داڑھی کسی کے ہاتھ ہی نہ دیں پی ٹی آئی کے نگران سیٹ ماننے یا نہ ماننے سے فرق نہیں پڑتا۔ نگران سیٹ اپ کیلئے شاہ محمود اور شفقت محمود سے بات کی کوشش ہوئی ایسا نام ہو جس پر سب متفق ہوں۔
خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن