سیاستدانوں‘ جرنیلوں‘ ججوں سے اپیل ہے ملکر نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں : شہبازشریف
لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاہے کہ میں طلبا، اساتدہ ، ڈاکٹروں، سیاستدانوں، جرنیلوں اور ججوں سے دل کی عمیق گہرائیوںسے اپیل کرتاہوں کہ آئیں مل بیٹھیں اور نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں۔ سب لوگ ذاتیات سے بالاتر ہو کر ملک کو عظیم بنانے کے لئے یکجا ہوں، اس کے سوا ترقی وخوشحالی کا کوئی راستہ نہیں۔ اداروں کے درمیان مفاہمت کا نہ ہونا پاکستان کی سلامتی کے تقاضوں کے منافی ہوگا۔ ذاتی پسند ناپسند اور مخالفت کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے مستقبل کو سامنے رکھ کر سوچیں۔ لند ن سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے ویڈیولنک کانفرنس کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تمام ادارے ملکر افہام وتفہیم سے کام کریں، پارلیمان کا احترام اور اس کے حقوق کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اورہماری معزز عدلیہ ہے ، قابل احترام عدالت عظمی ہے جو آئین کی تشریح کا حق رکھتی ہے۔افواج پاکستان ہے جو ملکی دفاع کا عظیم فریضہ سرانجام دیتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ملک و قوم کو ا تحاد اوریکجہتی کی ضرورت ہے ہمیں باہمی انتشار کو ختم کر کے اتحاد و یگانگت کی فضا پیدا کرنی ہوگی۔اداروں میں تناﺅ کو مفاہمت میں بدلنے کی شدید ضرورت ہے۔ محاذ آرائی سے ملک کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ہمیں باہمی رنجشیں، چپقلشیں، مخالفتیں اور بے بنیاد محاذ آرائی کوختم کرنا ہوگا۔ ا نہوں نے کہاکہ یہ وقت پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا وقت ہے-رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ اس سے ماضی کی غلطیوں کا ازالہ ممکن نہیں ، ہمیں اپنا ہر سطح پر ضرور جائزہ لینا چاہےے ہم جو حاصل کر چکے ہیں اس پر ہمیں بلاشبہ فخر کرنا چاہیے اور جو گنوا چکے ہیں اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ ہم جذباتی تقریر کی بجائے عملی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمارے کئے ہوئے عملی کاموں کے نمونے پورے پنجاب میں جا بجا موجود ہیں۔ نوجوانوں کو مستقبل سنورانے کے لئے ٹیکنالوجی بیسڈ ایجوکیشن کی ضرورت ہے،ان کے ہنر مندہاتھ قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ذرا سوچیں یہ ٹیکنالوجی کا انقلاب جو ہم آج لارہے ہیں اگر 70سال قبل اس پر توجہ دی جاتی تو آج ہم کہاں ہوتے؟ اگر ہم ایسے ادارے بنانے میں کامیاب ہوگئے تویہ ترقی اور خوشحالی کا ایسا انقلاب آئے گا جسے روکنا کسی کے لئے ممکن نہیں ہو گا۔ میں بلاخوف وتردید یہ بات کہہ سکتاہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں اس قدر سپیڈ کے ساتھ انرجی پراجیکٹ کی نہ آج تک منصوبہ بندی ہوئی اور نہ ہی عملی طو رپر انرجی پراجیکٹ لگائے گئے-توانائی بحران کے خاتمے کے لئے ہماری انتھک کوششیں رنگ لا رہی ہےں -بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہونے کو ہے،وزیراعلی نے کہاکہ دائرے کے ارد گرد گھومنا ہمارا نصیب نہیں ،یہ وہ پاکستان ہے جس کا تصور قائدؒ او ر اقبالؒ نے کیا تھا-نااتفاقی اور انتشار نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا۔ آئےے اب سب مل بیٹھیں، ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھیں، ملکر معاملات حل کریں۔یہ پاکستان کسی ایک کی میراث نہیں سب شہری اس کے وارث ہیںاوریہ سب ملکر پاکستانی کہلاتے ہیں۔ 77 سال قبل مینار پاکستان پر جمع ہونے والے برصغیر کے مسلمانوں نے ہندو سامراج سے سیاسی او رمعاشی آزادی حاصل کرنے کے لئے ایک ایسے علیحدہ وطن کے حصول کا عزم کیا جہاں ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور بلاامتیاز رنگ ونسل و مذہب سب کو آ گے بڑھنے کے یکساں مواقع ملیں ،جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج نہ ہو بلکہ انصاف اورقانون کی بالادستی ہو اورہر شہری کو عزت وقار کے ساتھ رہنے اور قومی تعمیر کی کاوشوں میں اپنا حصہ ڈالیں اور اپنی محنت سے معاشرے میں اپنا مقام پیدا کریں-انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ساڑھے 9سال سے تعلیم کے شعبے کی بہتری او رفنی تعلیم کے فروغ کے لئے بے مثال اقدامات کئے ہیں اور تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ تپ دق سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے لیکن اس کیلئے ادویات، اچھی غذا اور صحت مند ماحول کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر ٹی بی کی بر وقت تشخیص اور علاج نہ کروایا جائے تو یہ نہایت خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ شہباز شریف نے سینیٹر شاہین خالد بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے لندن سے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو مرحوم کی اہلیہ اور والدین کو فون کیا اور ان سے سہیل احمد ٹیپو کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس کیا۔
شہباز شریف