غزہ میں مقابلہ ، فلسطینی وزیراعظم پر حملے کے 2ملزم ہلاک ، 2 اہلکار بھی مارے گئے
النصیرات (اے این این)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں وزیراعظم کے قافلے پر چند روز قبل ہونیوالے حملے میں ملوث 2 مشتبہ ملزمان پولیس سے جھڑپ میں ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران 2 اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی میں گزشتہ روز علی الصباح وسطی غزہ میں النصیرات کے مقام پر وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے قافلے پر حملے کے مشتبہ ملزمان کے خلاف آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ملزمان نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں وزیراعظم پر حملے کا مرکزی ملزم انس ابو خوصہ اور اس کا معاون عبدالھادی اشھب ہلاک اور تیسرا زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق النصیرات میں مشتبہ ملزمان اور سکیورٹی حکام کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔ خیال رہے کہ 10روز قبل فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے قافلے پر بم دھماکہ کیا گیا تھا جس میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوگئے تھے تاہم اس حملے میں وزیراعظم اور انٹیلی جنس چیف ماجد فرج محفوظ رہے تھے۔