ملتان: 4 دہشتگرد، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 سہولت کار گرفتار
کوئٹہ + ملتان + ڈیرہ مراد جمالی + ٹانک + ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ڈیرہ بگٹی میں سوئی روڈ پر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ۔سیکورٹی حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات پر نواحی علاقے سوناری مٹ میں کارروائی کی ۔کارروائی کے دوران سڑک کنارے نصب دس کلو وزنی بم برآمد کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام کر کے علاقے کو وسیع تباہی سے بچالیا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب گھر کے باہر بارودی مواد دھماکہ سے گھر کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس نے تخریب کاروںکی تلاش شروع کر دی۔ ادھر ٹانک علاقہ گومل کے گائوں بٹیاری کے قریب دو افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے نعشیں قبضے میں لیکر ٹانک ہسپتال منتقل کر دیں، دوسری طرف ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی پولیس نے دہشت گردوں کے3 سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ قاری عبدالرزاق، شاہنواز اور عبدالرشید ایک کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کو مختلف قسم کی سہولیات ، قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ مہیاکرتے تھے۔ گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملتان میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دہشتگرد حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔