• news

ماحول کے تحفظ کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ”ارتھ آور“ منایا گیا

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) ماحول کے تحفظ اور توانائی کے کم سے کم استعمال کی طرف راغب کرنے کیلئے دنیا بھر میں”ارتھ آور“ منایا گیا۔ اس ضمن میں ایک گھنٹے کیلئے دنیا بھر کے ایئر پورٹس، سرکاری و غیر سرکاری عمارات اور مارکیٹوں میں غیر ضروری روشنیاں گل کر دی گئیں اور عمارتوں کے اندر بھی بجلی سے روشن ہونے والے آلات کا استعمال انتہائی ضرورت کے تحت کیا گیا۔ اس ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے اشتراک سے ایک تقریب کا اہتمام پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے کیا گیا۔ اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ملک میں متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مضراثرات پر قابو پانے کے لیے کام کرنے کا یہی وقت ہے کیونکہ اس وقت کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے کئی خطرات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔انہوں نے مقامی سطح پر توانائی اور پانی کے وسائل کی بچت کے لیے کوششوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کی پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے رومینہ خورشید عالم‘ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائرےکٹر جنرل حماد نقی خان‘ ڈبلیوڈبلیو ایف پاکستان کے سینئر ڈائرےکٹر رب نواز نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے پر زوردیا۔ اس موقع پر ایک گھنٹہ کے لیے پارلیمنٹ ہاﺅس کی بتیاں بجھا دی گئیں جبکہ تقریب کے شرکاءنے موم بتیاں روشن کیں۔ اس موقع پر ارتھ اوور کے حوالہ سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
”ارتھ آور“

ای پیپر-دی نیشن