• news

عرس مادھو لعل حسین کا آغاز‘ ملک بھر سے زائرین کی آمد‘ سخت سکیورٹی انتظامات

لاہور (خصوصی نامہ نگار) برصغیر پاک و ہند کے صوفی بزرگ حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لال حسین رحمتہ اللہ علیہ کے 430 ویں سالانہ عرس (میلہ چراغاں) کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ پنجاب حکومت نے اس موقع پر صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز عام تعطیل کا اعلان کیا۔ تمام سرکاری دفاتر‘ تعلیمی ادارے‘ بنک بند رہے۔ عرس تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی سے کیا۔ وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سمیت دیگر نے بھی مزار پر چادر چڑھائی۔ ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری۔ سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ شالیمار کے علاقے میں حضرت سخی مادھو لعل حسین رحمت اللہ علیہ کا 430 واں سالانہ عرس شروع ہو گیا جو تین روز تک جاری رہے گا جسے لاہوری میلہ چراغاں کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ عرس تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب سید زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی سے کیا۔ اس موقع پر زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور اور منیجر اوقاف سرکل نمبر 5 لاہور نے شرکت کی۔ بعدازاں وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سمیت دیگر نے بھی مزار پر حاضری دیکر چادریں چڑھائیں اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعائیں کیں۔ ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ محکمہ اوقاف نے زائرین کی سہولت اور دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ زائرین کیلئے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا۔ دربار کے اندرونی اور داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن