• news

فیصل آباد: پولیس پارٹی پر فائرنگ ، اے ایس آئی شہید ، 2اہلکار زخمی ، مقابلے میں 2ڈاکو بھی مارے گئے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گلبرگ کے علاقہ محمد پورہ میں چار ڈاکوؤں کی طرف سے موبائل فون کی بیٹریاں لوٹنے کے دوران پولیس کی گشت پارٹی پر فائرنگ۔ دوران فائرنگ ڈاکوؤں نے پولیس کا اے ایس آئی شہید اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو مارے گئے اور دو فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تین بجے کے قریب تھانہ گلبرگ کے علاقہ محمد پورہ میں ریسکیو15 پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی اطلاع موصول ہوئی جس پر گشت پر مامور تھانہ گلبرگ میں 417ج۔ب گوجرہ کے 55سالہ شفقت علی اے ایس آئی اور 215ر۔ب نیٹھڑی کے اے ایس آئی لیاقت اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ ڈاکوؤں نے محاصرے میں آنے پر پولیس پر فائرنگ کر دی جس سے شفقت علی پیٹ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں طبی امداد ملنے سے قبل ہی وہ خالق حقیقی سے جا ملے جبکہ اے ایس آئی لیاقت کے باـئیں پاؤں پر گولی لگی جسے الائیڈ ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کی مقابلے میں جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ‘ دو فرار ہو گئے۔ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے دو ڈاکوؤں کی شناخت ہو گئی۔ ہلاک ہونے والا ایک ڈاکو زاہد چک نمبر504کا رہائشی تھا اور اس کے خلاف تھانہ ماموں کانجن میں مقدمات درج تھے‘ دوسرے ڈاکو کی شناخت محمد افضل کے ناما سے ہوئی ہے جس کا تعلق بورے والا سے ہے۔ دونوں ڈاکو پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ واضح رہے کہ 24گھنٹے قبل جھنگ روڈ پر ہونے والی مسلح ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر 32سالہ شہری رمضان کو ہلاک اس کے بھائی اللہ دتہ، بیٹے سفیان اور بھتیجے کوفائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔ جھنگ روڈ بائی پاس پر ہونے والی اس خونین ڈکیتی میں ہلاک ہونے والے رمضان کو اس کے آبائی گاؤں ٹھیکریوالہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ کے دوران پولیس کی طرف سے ڈاکوؤں کو گرفتار نہ کئے جانے اور فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بڑھتی ڈکیتی کی خونی اور مسلح وارداتوں کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی ‘ مطالبہ کیا گیا کہ دیہاتیوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ پولیس جو کہ ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی وارداتوں کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب فوری طور پر ایکشن لے کر پولیس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائے۔علاوہ ازیں شہر اور گردونواح میں ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی چار درجن کے لگ بھگ وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں نے تین افراد کو لوٹ مار کے دوران زخمی کر دیا۔ 14گاڑیاں، موبائل فون، لاکھوں کے طلائی زیورات، پارچہ جات، نقدی لوٹ کر اور چھین کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے مدینہ ٹاؤن کے اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 10تولے زیورات چھین لئے۔ تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ 63گ۔ب کا رہائشی 70سالہ اکرم مویشیوں کے قریب سو رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے مویشی لے جانے پر مزاحمت کرنے پر اسے گردن میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ عیدگاہ روڈ پر چباں گلی نمبر18 کے عبدالسلام سے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا۔ سدھوپورہ میں ثاقب کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا۔ رضا آباد میں امین پارک سے خالد کا مزدا چور لے گئے۔ سمن آباد میں مزمل سے مسلح افراد نے 24ہزار کی نقدی چھین لی۔ ریکس سٹی میں زاہد سے موبائل اور ضروری کاغذات چھین لئے گئے۔ دھوپ سڑی میں عاصم سے چالیس ہزار اور موبائل فون چھین لیا۔ زرعی یونیورسٹی میں حمزہ سے آٹھ ہزار روپے چھین لئے۔ 463گ۔ب میں عرفان سے موبائل اور 15ہزار کی نقدی چھین لی گئی۔ تاندلیانوالہ میں ابرار سے مسلح افراد 9تولے زیورات چھین کر فرار ہو گئے۔ 21ج۔ب میں اللہ دتہ سے پانچ ہزار روپے چھین لئے گئے۔ مکوآنہ مائی مستانی میں عتیق سے دو لاکھ کی نقدی چھین لی گئی۔ گلستان کالونی میں رضوان، شاداب کالونی میں رضوان، مدینہ ٹاؤن میں عرفان، 62ج۔ب میں احسن، گلستان اقبال میں بشارت، حکیماں والا میں حمزہ، سمن آباد میں عمران، افشاں کالونی میں ثاقب، ناولٹی پل میں عظیم، غلام محمد آباد میں خالد، خیابان کالونی میں گلزار، جناح کالونی میں رضوان کی مٹورسائیکلیں چوری ہو گئیں۔ کمپنی باغ میں رشید کی کار چوری ہو گئی۔ جٹاں والا چوک میں شفیق کی دکان کے تالے توڑ کر چور قیمتی سامان لے گئے۔ احمد آباد میں عرفان کے گھر سے مسلح افراد واردات میں نقدی اور زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں ایڈن گارڈن روڈ پر ڈولفن فورس اور ڈاکوؤں میں مبینہ مقابلہ، مشکوک افراد کو روکنے پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ، دو ڈاکو گرفتار، دو پسٹل ، موبائل فون اور نقدی برآمد۔ ایڈن گارڈن روڈ پر ڈولفن فورس کے اہلکار گشت کر رہے تھے کہ اہلکاروں نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے بعد ڈولفن فورس کے نوجوانوں نے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے ان سے دو پسٹل، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی۔ علاوہ ازیں شہید ہونے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شفقت علی کی نماز جنازہ پولیس لائن فیصل آباد میں سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئی۔ تھانہ گلبرگ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر شفقت علی کی نماز جنازہ پولیس لائنز فیصل آباد میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں سی پی او فیصل آباداطہرا سماعیل ،وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی،وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل اکرم انصاری، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی ،ایس ایس پی آر آئی بی مجاہد اکبر، ایس ایس پی اپریشنز رانا محمد معصوم،ایس ایس پی انوسٹی گیشن توصیف حیدر،چیف ٹریفک آفیسر سید حسنین حیدر،ایس پی سی آئی اے ناصر سیال،ایس پی مدینہ ٹائون احمد نواز شاہ، ایس پی اقبال ٹائون مہزور علی ، ایس پی جڑانوالہ ڈویژن شہباز الہٰی، ایس ڈی پی اوز ،ارکان ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،صدرڈسٹرکٹ بار فیصل آبادکے علاوہ دیگر پولیس ملازمین ، سول سوسائٹی ، تاجر برادری، وکلاء اور معززین علاقہ کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر شفقت علی 30.12.1962 کو پیدا ہوئے اور09.09.1983 کو محکمہ پولیس میں بطورکانسٹیبل بھرتی ہوئے ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شفقت علی کے سوگواران میں بیوہ،تین بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گلبرگ سب انسپکٹربشارت علی نے اطلاع دی کہ آج مورخہ24.03.2018بوقت05بجے صبح محمد پورہ گلی نمبر02میںیوفون کے ٹاورپرڈاکو واردات کر رہے ہیں اس اطلاع پرمیں معہ اے ایس آئی لیاقت علی،موبائل 1 اے ایس آئی شفقت علی ،فقیر حسین،ڈرائیورامجد بسواری سرکاری گاڑی و دیگر ملازمان ،موبائل 2 اے ایس آئی محمد عرفان،محمد طارق،ڈرائیورکاشف رضا،بسواری سرکاری گاڑی ہمراہی ملازمان موقع پر پہنچے تویوفون ٹاور کے احاطہ کو گھیرہ ڈال کرمیں نے با آواز بلنداحاطہ کے اندر موجود ملزمان کو اپنا تعارف کرواتے ہوئے باہرآکر گرفتاری دینے کو کہا احاطہ یوفون ٹاور کے گیٹ سے ملزمان باہر آئے جنہوں نے باہر نکلتے ہی اپنے اپنے پسٹل ہائے سے پولیس پارٹی پر سیدھی جا ن لیواء فائرنگ شروع کر دی پولیس پارٹی نے بھی پوزیشنیںلیتے ہوئے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے ایک فائر اے ایس آئی شفقت علی اور ایک فائر اے ایس آئی لیاقت کو لگ گیا جس سے وہ مضروب ہوگئے۔ پولیس پارٹی کی جوابی فائرنگ سے 02کس ملزمان بھی مضروب ہوکر گر گئے۔ ملزمان سیڑھی کے ذریعے چھت پر چڑھ کر فائرنگ کرتے فرار ہورہے تھے اسی دوران ملزمان کا ہمراہی ساتھی تعاقب کرکے گرفتار کرلیاجس نے دریافت کرنے پراپنا نام و پتہ شاہد عمران ولد محمد ریاض قوم نسوانہ سکنہ موضع ڈنگا تھانہ کانڈی وال چنیوٹ بتلایا۔موقع پر 02کس مضروب ملزمان کی جیب سے چیک کرنے پر انکے شناختی کارڈ دستیاب ہوئے جن کے نام و پتہ مع ریکارڈ نیچے درج ذیل ہیں۔دوران علاج معالجہ اے ایس آئی شفقت علی شہید ہوگئے جبکہ مضروب ہونے والے دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے اور اے ایس آئی لیاقت علی زیر علاج ہیں ۔ملزمان کے خلاف ایس ایچ او تھانہ گلبرگ سب انسپکٹر بشارت علی کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 231/18 مورخہ 24.03.18 بجرم 302/324/395/353/412/186 ت پ، 7ATAاور13.20.65 2A.کے تحت درج کیا گیا ۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل و دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے سی پی او فیصل آباد نے شہید اے ایس آئی شفقت علی کے ملزموں کی گرفتاری کے لیے ایس پی لائلپور ٹائون اور ایس پی سی آئی اے کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے کر جلد ملزمان گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ۔سی پی او فیصل آباد اطہر اسماعیل نے اسسٹنٹ سب انسپکٹرشفقت کے جنازہ میں شریک شہید کے لواحقین سے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور کہاکہ شہید اسسٹنٹ سب انسپکٹرشفقت علی انتہائی دلیر اور بہادر افسران تھے ان کی شہادت سے فیصل آباد پولیس کو نا قابل تلافی نقصان ہوا ہے شہید کی بیوہ کوگھر دیا جائے گااور شہید کے سارے واجبات ادا کیے جائیں گے اگر آپ کو کسی قسم کا کوئی بھی مسئلہ درپیش ہوتوسی پی او آفس کے دروازے آپ کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں ، شہید محکمہ پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں ، شہیدوں کے اہل وعیال کی دیکھ بھال ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ان کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن