مقبوضہ کشمیر : 2نوجوان شہید ، ہڑتال ، متعدد زخمی : اشرف صحرائی کا بیٹہ لاپتہ
سرینگر +اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو نوجوان شہید ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے دو نوجوان شہید کر دیئے ۔ نوجوانوں کی شہادت اور اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے بھارتی فوجیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس دوران بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور ان پر لاٹھی چارج بھی کیا ۔ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق مارے جانے والے نوجوانوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس چیف ایس پی وید کے مطابق شستر گرام میں مسلح افراد کی سی آر پی ایف کیمپ پر حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی ہے ۔حملہ آوروں نے دستی بم پھینکے اور کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی ۔اس دوران فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی ۔جس میں دو حملہ آور مارے گئے جن کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی جبکہ وادی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے بھی بند ہوگئے اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہو گئی۔ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے بھارتی فورسز کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔ لوگ نعشوں کی حوالگی اور شناخت کا مطالبہ کرر ہے ہیں۔ خیام میں 161بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر گرنیڈ پھینکا گیا تاہم وہ پھٹ نہ سکا۔ دریں اثنا بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں کی فضائی نگرانی بھی شروع کر دی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کپوارہ میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان خونیں معرکہ آرائی میں10 ہلاکتوں کے بعد فوج نے ہنگامی میٹنگ طلب کی،جس کے دوران فوجی آپریشنوں پر غور کیا گیا۔سید علی گیلانی نے اہل پاکستان کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پا کستان مضبوط اور مستحکم ہو تو ہی ہم جیسے مظلوموں کی مدد کرسکتا ہے۔ ہم اُمید رکھتے ہیں کہ وہاں کے لوگ بحیثیت مجموعی طور جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ اپنی نظریاتی سرحدوں کی بھی حفاظت یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تب تک زندہ ہے جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے۔ آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب مارے جانے والے لبریشن فرنٹ کا رکن نعیم بٹ کی سری نگر میں غائبانہ نماز جنازہ اد ا کی گئی۔ عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بھارتی سرکار کے زیر غور نئی سرنڈر پالیسی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکار ریاست کی صورتحال کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے میں پوری طرح ابہام کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔ بھارتی فوج میں اعلیٰ حکام کے روئیے سے دلبرداشتہ ایک اور سکھ حوالدار درشن سنگھ نے خود کشی کر لی ۔ اننت ناگ میں ………… کے سلسلے میں 8ملزمان پر فردجرم عائد کرتے ہوئے سیشن کورٹ اسلام آباد (انت ناگ) نے 2016ء میں پیش آئے واقعے سے متعلق کیس کی اگلی سماعت کیلئے 28مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔شہید کشمیر مقبول احمدبٹ کے ساتھ سری نگر جیل توڑ کر فرار ہونے والاحریت پسند رہنما میراحمد طویل عرصہ علالت میں رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے‘ سپردخاک کر دیا گیا۔ ادھر جنیوا میں اقوام متحدہ کے کمشن برائے انسانی حقوق کے سامنے سینکڑوں کشمیریوں نے بھارت کیخلاف مظاہرہ کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود نے مطالبہ کیا عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ حریت رہنما مختار ……… کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ حریت تحریک کے نو منتخب چیئرمین اشرف صحرائی کا بیٹاجنید اشرف لاپتہ ہو گیا۔بھارتی حکومت کپواڑہ میں فوجیوں کی اموات اور پلوامہ کے واقعات پر پریشان ہو گئی سرینگر میں وزیر داخلہ راجہ ناتھ نے زیرو ٹالرنس کا حکم دیدیا اس حوالے سے حکمت عملی تیار کر لی گئی کشمیری میڈیا کے مطابق زیرو ٹالرنس آپریشن کا نام ’’آل آؤٹ‘‘ رکھا گیا ہے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے کہا ہے کہ ایل او سی پر دراندازی اور مسلح گروپ برداشت نہ کئے جائیں کشمیری نوجوانوں کے خلاف زیادہ قوت کا استعمال کیا جائے گا۔حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کے ساتھ اسلام آباد میںپریس کانفرنس میں کہا ہے کہ یاسین ملک کے ساتھ جو ہو رہا ہے دنیا دیکھ رہی ہے مقبوضہ کشمیر میں روز شہادتیں ہو رہی ہیں۔ افضل خان جیسے لوگوں کی وجہ سے ہمیں امید ملتی ہے افضل خان کے دورے کا مقصد بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اٹھانا ہے افضل خان نے یورپی پارلیمنٹ اور برطانیہ میں کشمیر کاز کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ اس موقع پر افضل خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی شدت کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہے کشمیری حق خودارادیت چاہتے ہیں۔